اپناحق حاصل کرنے کیلئے خواتین کو سوچ سمجھ کر ووٹ ڈالنا ہوگا:پرینکا

0

رائے بریلی(ایس این بی) : آئندہ اسمبلی الیکشن میں اپناقلعہ بچانے کے لیے کانگریس پوری طاقت لگارہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ 3 مہینے کے اندر دوسری مرتبہ کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکاگاندھی واڈرا نے رائے بریلی کادورہ کیا۔ اتوارکو ’لڑکی ہوں لڑ سکتی ہوں‘پروگرام کے تحت پرینکا نے خواتین ووٹ بینک پر گرفت بنانے کے لیے عورتوں سے سیدھے بات کی۔ انہوں نے صاف کہا کہ خواتین نصف آبادی کی حیثیت رکھتی ہیں ایسے میں اپنے حق کوحاصل کرنے اور تحفظ پانے کے لیے سوچ سمجھ کر ووٹ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ایک نعرہ اور انتخابی منشورجاری کردیا ہے، اس کانتیجہ ہے کہ دوسری جماعتیں بھی خواتین کے حقوق کی بات کرنے لگی ہیں۔ شہرمیں واقع ریفارم کلب میں ’’شکتی سمواد‘‘پروگرام میں بولتے ہوئے پرینکانے کہا کہ 2سال قبل مجھے کانگریس جنرل سیکریٹری اور اترپردیش کی انچارج بنایاگیا تب سے ریاست کامسلسل دورہ کررہی ہوں۔ جس میںایک بات دیکھنے کومل رہی ہے کہ خواتین پر ظلم بڑھاہے۔ انہوں نے انائو میں دوشیزہ کی عصمت دری اورجلاکرمارنے، ہاتھرس واقعہ کاذکرکرتے ہوئے کہا کہ خواتین محفوظ نہیں ہیں۔ لکھیم پور کھیری میں کسانوں کی موت پرپرینکا گاندھی نے کہا کہ جب میں کسانوں کے پریوار سے ملنے گئی تو پتہ لگا کہ گھر کی عورتوں کے سامنے روزی روٹی کامسئلہ کھڑاہوگیا ہے۔ کہاجب سیتاپورمیں مجھے گرفتارکیاگیا تو صبح4بجے لیڈیز پولیس اہلکار پوجا اور مدھوڈیوٹی کرتے ملیں۔ بات چیت ہوئی تو پتہ لگا کہ ان کابھی استحصال ہورہا ہے۔ پرینکا نے خواتین سے کہا کہ بدلائو لانا ہے تو متحد ہوناہوگا۔ ووٹ اسی کو دوجوخواتین کو مضبوط کرنے کاکام کرے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ٹوائلیٹ بنوانا اور گیس سلنڈردینا خواتین کی مضبوطی نہیں ہے۔اس بات کے ذریعہ انہوں نے مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میں لڑکی ہوں لڑ سکتی ہوں کا نعرہ کیادیا ہرپارٹی خواتین کی ہمدرد بن گئی۔ وزیراعظم خود دودن بعد ایک اجلاس کرنے جارہے ہیں جس میں خواتین سے سیدھے بات کریں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS