تبلیغی جماعت کا تعلق کسی حکومت یا سیاسی پارٹی سے نہیں

جماعت امن اور خیر سگالی کا پیغام دیتی ہے، لگائے گئے الزامات بے بنیاد:صدر جمعیة علماءہند

0

نئی دہلی (ایس این بی)
تبلیغی جماعت امن اور خیر سگالی کا پیغام دیتی ہے۔ اس کا تعلق کسی حکومت یا سیاسی پارٹی سے نہیں ہے، بلکہ یہ خالص مذہبی جماعت ہے۔ یہ باتیں جمعیة علماءہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے ہندوستان میں سعودی سفیر سعود محمد بن الساطی سے ایک خاص ملاقات کے دوران کہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دنوں سعودی حکومت کی جانب سے تبلیغی جماعت سے متعلق جو باتیں کہی گئیں، اس پر دنیا بھر میں بے چینی ہے۔ جس زبان کا استعمال کیاگیا وہ سخت ہے اور جو تہمت لگائی گئی ہے وہ بے بنیاد ہے۔ مسلمانوں پر اِس کے کیا اثرات ہوں گے، اس کا آپ کو اندازہ نہیں ہے،چونکہ تبلیغی جماعت دیوبند ی مکتب فکر کی جماعت ہے ، اس لئے یہ امردارالعلوم دیوبند اور جمعیةعلماءہند کے لئے بھی تشویش کا باعث ہے۔ مملکت سعودیہ اپنے ملک کے اندرجماعت کے بارے میں کیا موقف اختیارکرتی ہے ہمیں اس سے کوئی بحث نہیں اورنہ ہم نے کبھی اس سلسلہ میں کوئی بات کی ہے ، لیکن اس وقت وزارت شﺅن اسلامیہ کی طرف سے تبلیغی جماعت پر جس طرح کی تہمت لگائی گئی ہے صرف تبلیغی جماعت ہی کے لئے نہیں بلکہ تمام مسلمانوں اورخاص طورپر دین اورمذہب سے وابستہ لوگوں کے لئے بہت تکلیف دہ ہے۔ روز نامہ راشٹریہ سہارا سے ایک خاص بات چیت میں انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ چاہا کہ ہم اپنی اس تکلیف اورجذبات کو مملکت سعودی سفیر کے واسطہ سے وزیر شﺅن اسلامیہ تک پہنچائیں اور ان کے اس بیان کے نتیجہ میں کیا مشکلات اور بدترین نتائج دین سے وابستہ مسلمانوں کو پہنچ سکتے ہیں ان سے باخبر کردیں۔مجھے بڑی خوشی ہے کہ سفیرنے بڑے اچھے ماحول میں میرے خط کوپڑھا اور اس موضوع پر گفتگو کی اور اس سلسلہ میں مجھے بہترسے بہتر تعاون دینے کا مجھ سے وعدہ کیا ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ آپ یہ سمجھ لیں کہ یہ خط وزارت شﺅن اسلامیہ تک پہنچ چکاہے وہاں سے مجھے یہ توقع ہے کہ آپ کی امیدکے مطابق جواب آئے گا۔میں سفیر کے حسن اخلاق اور اچھے ماحول میں گفتگوکرنے پر بہت ممنون ومشکور ہوں اور مجھے یقین ہے کہ ان شا اللہ وہ ہمارے بہترین ترجمان ثابت ہوںگے اور ہماری اس گفتگو اورتحریر کے ان شاءاللہ خاطرخواہ نتائج سامنے آئیں گے۔ دریں اثنا مولانا ارشد مدنی کی سعودی سفیر سعود محمد بن الساطی سے ملاقات اور سعودی سفیر کی بات چیت سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے تبلیغی جماعت کے متعلق سخت تبصرے کئے گئے ہیں۔ ساتھ ہی ان افواہوں پر بھی بریک لگ گیا ہے، جس میں اس تبصرے کو بے بنیاد بتایا جارہا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS