سری نگر میں رواں موسم کی سرد ترین رات منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ

0
thekashmirwalla.com

سری نگر: (یو این آئی) وادی کشمیر میں شبانہ سردیوں کا زور جاری رہتے ہوئے گرمائی دارلحکومت سری نگر میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب رواں موسم کی اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی۔ ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر اور لداخ یونین ٹریٹری میں ماہ رواں کی 14 تاریخ تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں و کشمیر اور لداخ یونین ٹریٹری میں 14 دسمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم 15 دسمبر کو موسم کروٹ بدل سکتا ہے اور کہیں کہیں ہلکے سے درمیانی درجے کی برف باری ہوسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 20 دسمبر سے شروع ہونے والے سردیوں کے بادشاہ چالیس روزہ ’چلہ کلان‘ سے قبل وادی میں بھاری برف باری کا کوئی امکان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مطلع صاف رہنے کے باعث وادی میں شبانہ درجہ حرارت مسلسل نقطہ ا نجماد سے نیچے درج ہو رہا ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب رواں موسم کی سرد ترین شب ریکارڈ ہوئی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ قبل ازیں سری نگر میں یکم دسمبر کو سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کشمیر کے مشہور دہر سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہان گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی4.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت 8.6 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی16.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثنا وادی میں جمعے کے روز بھی موسم خشک رہا اور صبح سے ہی ہلکی دھوپ چھائی رہی جس سے لوگوں کو صحنوں، دکان تھڑوں اور پارکوں وغیرہ میں لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔ لوگوں کا الزام ہے کہ خشک موسم کے بیچ بجلی آنکھ مچولی اور پانی کی قلت نے جینا دو بھر کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ خشک موسم کے بیچ لوگوں کو ان بنیادی سہولیات کو فراہم کرنے میں ناکام نظر آرہی ہے تو سردیوں کے بادشاہ ’چلہ کلان‘ کے دوران بھاری برف باری ہوگی تو اس وقت حال کیا ہوگا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS