یو پی میں صحافیوں کو پرائیویٹ اسپتال میں مفت علاج کی سہولت ملے گی

0

لکھنؤ: (یو این آئی) اتر پردیش حکومت نے تسلیم شدہ صحافیوں کو ’مکھیہ منتری جن آروگیہ‘ مہم کے تحت پرائیویٹ اسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت فراہم کی ہے۔ وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی صدرات میں جمعہ کو کابینہ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ ’مکھیہ منتری جن آروگیہ‘ مہم کے تحت ریاست میں ریاست اور ضلع سطح پر تسلیم شدہ تقریباً پانچ ہزار صحافیوں اور ان کے زیر کفالت کنبہ کے ارکان کو شامل کرتے ہوئے طبی سہولت کا فائدہ فراہم کیے جانے کی تجویز کو منظوری دی گئی ہے۔ وزارتی کابینہ نے اس سلسلے میں مستقبل میں کسی بھی تبدیلی یا ترمیم کے لیے وزیر اعلیٰ کو بااختیار بھی بنایا ہے۔ واضح رہے کہ ریاست میں ریاستی سطح اور ضلع سطح پر تسلیم شدہ صحافیوں کے لیے عام شہریوں کی طرح سرکاری اسپتالوں میں علاج کی سہولت ہے لیکن صحافیوں کے کام چیلنج اور خطرات سے پُر ہونے کے سبب ان کی صحت اور علاج کی ترجیحات کے پیش نظر پرائیویٹ اسپتالوں میں مفت علاج فراہم کرنے کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ ریاست میں تسلیم شدہ صحافیوں کو سماجی اور طبی تحفظ فراہم کرنے کے مقصد سے انہیں طبی سہولت کا فائدہ فراہم کیا جانا ہے۔ اس طبی سہولت کے لیے ریاستی اور ضلع سطح پر تمام تسلیم شدہ صحافی اہل ہوں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS