’اومیکرون‘کا خوف :ریاستوں کو ہدایات جاری

0

نئی دہلی (ایجنسیاں) :مرکزی حکومت نے کووڈ کے معیارات کی سختی سے تعمیل کو یقینی بنانے اور کووڈ کے نئے قسم اومیکرون سے نمٹنے کیلئے مقامی سطح پر صحت کا بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کے سکریٹری راجیش بھوشن نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف سکریٹریز اور ہیلتھ سکریٹریز کو لکھے ایک خط میں کہا ہے کہ اومیکرون کے پیش نظرانتہائی چوکسی برتی جائے اور کووڈ گائیڈ لائن کی سختی سے پابندی کی جائے۔ اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اومیکرون سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مقامی سطح پر ہیلتھ انفراسٹرکچر بنایا جائے ۔خط میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے دس ممالک سے آنے والے مسافروں کے حوالے سے ہوشیار رہنے کو کہا ہے ۔ اس کے علاوہ بیرون ملک سے آنے والے لوگوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔خط میں کہا گیا کہ کسی بھی الجھن یا غلط معلومات سے نمٹنے کیلئے مقامی سطح پر آگاہی مہم چلائی جائے اور مقامی سطح پر باقاعدہ پریس کانفرنس منعقد کی جائیں۔ دریں اثنا وزارت صحت نے تمام ریاستوں اورمرکز کے زیر انتظام والے علاقوں کو ٹیسٹنگ، ٹریسنگ بڑھانے کے ساتھ ہی کنٹینمنٹ زون پر توجہ دینے اور ویکسین کوریج میں تیزی لانے کی صلاح دی ہے۔ تمام ریاستوں اور زیر مرکز علاقوں کے چیف سکریٹریوں کو لکھے خط میں سینٹرل ہیلتھ سکریٹری راجیش بھوشن نے کہاکہ ریاستوں کو کووڈ ہاٹ اسپاٹ کی نگرانی جاری رکھنی چاہئے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS