ٹی 20عالمی کپ : افغانستان کے خلاف بڑی جیت کے ساتھ ہندوستان کی امیدیں برقرار

0

ابوظہبی،(یو این آئی) اوپنرز روہت شرما (74) اور کے ایل راہل (69) کی شاندار نصف سنچریوں اور ان کے درمیان 140 رنز کی ابتدائی شراکت اور شاندار کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے افغانستان کے خلاف آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ دو کے کرو یا مرو کے مقابلہ میں بدھ کے روز66 رنز سے جیت حاصل کر کے اپنی امیدوں کو قائم رکھا۔
ہندوستان نے مقررہ 20 اوورز میں دو وکٹ پر 210 رنز کا بڑا اسکور بنایا اور افغانستان کو سات وکٹوں پر 144 رنز تک محدود کر کے تین میچوں میں پہلی جیت درج کرائی جبکہ افغانستان کو چار میچوں میں دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ روہت اور راہل نے جارحانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے افغان گیند بازوں کو کوئی موقع نہیں دیا۔ روہت نے 47 گیندوں پر 74 رن کی اپنی شاندار اننگز میں آٹھ چوکے اور تین چھکے لگائے جبکہ راہل نے 48 گیندوں پر 69 رن میں چھ چوکے اور دو چھکے لگائے۔ دونوں نے ابتدائی شراکت میں 14.4 اوورز میں 140 رنز جوڑے۔ روہت کا وکٹ 140 پر اور راہل کا وکٹ 147 کے اسکور پر گرا۔
اس کے بعد میدان میں اترے رشبھ پنت اور ہاردک پانڈیا نے بھی یہ سلسلہ جاری رکھا اور ہندوستان کو اس ٹورنامنٹ میں 200 رنز بنانے والی پہلی ٹیم بننے کا اعزاز دلایا۔ پنت نے 13 گیندوں پر ناقابل شکست 27 رنز میں ایک چوکا اور تین چھکے لگائے جبکہ پانڈیا نے 13 گیندوں پر ناقابل شکست 35 رنز میں چار چوکے اور دو چھکے لگائے۔ پنت اور پانڈیا نے تیسری وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 63 رنز جوڑے۔
افغانستان کے گیند باز ہندوستانی بلے بازوں پر کوئی اثر نہ چھوڑ سکے۔
روہت شرما شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ہندوستان کے گیند بازوں نے اپنے بڑے اسکور کی بنیاد پر افغانستان کے بلے بازوں پر دباؤ ڈالا اور انہیں غلطیوں پر مجبور کیا۔
فاسٹ بالر محمد شامی نے چار اوورز میں 32 رن دے کر تین جبکہ آف اسپنر روی چندرن اشون نے چار سال بعد وائٹ بال کرکٹ کھیلتے ہوئے چار اوورز میں صرف 14 رن دے کر دو وکٹیں حاصل کیں، جسپریت بمراہ اور روندر جڈیجہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستانی کھلاڑیوں نے چھوٹی دیوالی پر ملک کو فتح کا تحفہ دیا۔
ہدف کے تعاقب میں افغانستان نے تیسرے اوور کی آخری گیند پر اوپنر محمد شہزاد کو کھو دیا۔ شہزاد کا کھاتہ بھی نہیں کھل سکا۔ محمد شامی نے شہزاد کو روی چندرن اشون کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ دوسرے اوپنر حضرت اللہ زازئی نے 15 گیندوں پر 13 رنز بنائے اور ٹیم کے مجموعی اسکور 22 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ رحمت اللہ گرباز 10 گیندوں پر ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 19 رنز بنانے کے بعد لیفٹ آرم اسپنر روندرجڈیجہ کا شکار بن گئے۔
کپتان محمد نبی نے 32 گیندوں پر 35 اور کریم جنت نے 22 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 42 رنز بنائے۔ بہرحال۔ اس میچ میں افغانستان کو بڑے مارجن سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS