موبائل، انٹرنیٹ اور ڈیجٹلائزیشن سے میڈیا کی شکل وصورت میں تبدیلی آئی: ٹھاکر

0

نئی دہلی، (یو این ائی) اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے کہاکہ موبائل، انٹرنیٹ اور ڈیجٹلائزیشن سے میڈیا کی شکل و صورت میں تبدیلی آئی ہے اور اس تبدیل ہوتے دور میں سچ اور جھوٹ کے درمیان لکشمن ریکھا کھینچے جانے کی ضرورت ہے۔
انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماس کمیونکیشن (آئی آئی ایم سی) کی طرف سے جمعہ کو یہاں منعقدہ تقریب کے اختتام کے موقع پر مسٹر ٹھاکر نے ورچول طریقہ سے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جدید تکنیک کے ذریعہ عوام سے سیدھی بات چیت کی جاسکتی ہے۔ میڈیا کو تکنیک کا استعمال ملک کے اتحاد اور سالمیت اور اظہار کی آزادی کی حفاظت کے لئے کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ کورونا کے دور میں مواصلات کے معنی بدل گئے ہیں۔ لوگوں تک خبر یں پہنچانے کے نئے طریقے سامنے آئے ہیں۔ آج عالمی میڈیا منظرنامہ تبدیل ہورہا ہے او رجب آپ تعلیم مکمل کرکے میڈیا میں پہنچیں گے تب تک یہ مزید تبدیل ہوچکا ہوگا۔ مستقبل کے صحافی کے طورپر آنے والے وقت میں آپ جو بھی کہیں گے یا لکھیں گے، وہ لوگوں کو کسی بھی معاملہ پر اپنی رائے بنانے میں مدد کرے گا۔ اس لئے آپ کو بہت سوچ سمجھ کر کہنے اور لکھنے کی عادت ڈالنی ہوگی۔
اطلاعات و نشریات کے وزیر نے کہا کہ تکنیک ہر شعبہ میں پہنچ گئی ہے۔ کووڈ نے ہمارے ہر منصوبہ کو متاثر کیا ہے لیکن اس دور میں ہمارے سامنے نئی شروعات کرنے کا موقع ہے۔ چیزوں کو نئے طریقہ سے دیکھنے جاور سمجھنے کا موقع ہے۔ آج پوری دنیا کو ایسے لوگوں کی ضرورت ہے جو دنیا میں تخلیقی تبدیلی لاسکیں۔
انہوں نے کہا کہ اطلاعات و نشریات وزارت موجودہ اور مستقبل کے چیلنجوں کو پیش نظر رکھ کر اپنی تیاری کررہی ہے۔ حکومت یہ سمجھتی ہے کہ صحیح خبر کے استعمال سے عام آدمی کسی بھی موضوع پر صحیح فیصلہ کرسکتا ہے۔ اس لئے میڈیا اور سوشل میڈیا کے تبدیل ہوتے وقت میں حکومت انسان پر مرکوز مواصلاتی نظام پر کام کررہی ہے جس سے خبر فوری طورپر عام آدمی تک پہنچائی جاسکے۔مسٹر ٹھاکر نے کہاکہ حکومت کا منصوبہ معاشرہ کے آخری فرد تک معلومات پہنچانے کا ہے اور مقامی اور علاقائی میڈیا کا اس میں اہم کردار ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS