لکھیم پور تشدد کے اہم ملزم آشیش مشرا کو ڈینگو

0

لکھنؤ (ایجنسی): لکھیم پور کھیری تشدد معاملے کے مرکزی ملزم آشیش مشرا کو ڈینگو ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آشیش مشرا کو علاج کے لیے ضلع اسپتال لے جایا جا سکتا ہے۔ جیل کے اندر ڈاکٹر اور طبی عملہ موجود ہے۔ آشیش مشرا کی ڈینگو رپورٹ مثبت آنے کے بعد اب بڑی تعداد میں میڈیکل ٹیمیں جیل پہنچ گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ایمبولینس بھی جیل کے مرکزی دروازے پر پہنچ گئی ہے۔ آشیش 3 اکتوبر کو کسانوں کو کار سے کچلنے کے معاملے میں جیل میں ہے۔ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے کمار مشرا “ٹینی” کے بیٹے آشیش ابھی بھی لکھیم پور کھیری جیل میں ہے۔
ذرائع کے مطابق اب آشیش مشرا کو جیل سے ضلع اسپتال منتقل کیا جائے گا۔ ڈینگو کی تصدیق کے لیے آشیش مشرا کا سیمپل لیبارٹری بھیج دیا گیا تھا۔ رات گئے ڈینگو کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ جیل انتظامیہ اس کی رپورٹ ملنے کا انتظار کر رہی تھی۔ لکھیم پور کھیری ڈسٹرکٹ جیل کے سپرنٹنڈنٹ پی پی سنگھ نے کہا تھا کہ ڈینگث رپورٹ آنے کے بعد تصویر واضح ہو جائے گی۔ مانا جا رہا ہے کہ رپورٹ ملنے کے بعد اب جیل انتظامیہ انہیں ضلع اسپتال میں داخل کرائے گی۔
لکھیم پور کھیری تشدد معاملے میں اب تک مرکزی وزیر کے بیٹے آشیش سمیت 13 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
3 اکتوبر کو لکھیم پور کھیری میں کسانوں کو ایک کار نے کچل دیا تھا۔ اس میں چار کسانوں اور ایک صحافی سمیت آٹھ افراد ہلاک ہوئے۔ ایس یو وی کے قافلے میں کل تین کاریں تھیں جنہوں نے کسانوں کو کچل دیا۔ ان میں سے ایک کار وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا کے بیٹے کی تھی۔ پولیس نے اس معاملے میں آشیش مشرا کو ملزم بنایا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS