ممبئی کانگریس میں اندرونی خلفشار، جانیں معاملات

0

نئی دہلی (یو این آئی) مرکزی سطح پر قیادت میں تبدیلی کے معاملے میں گھری ہوئی کانگریس اب پنجاب، راجستھان، کرناٹک اور چھتیس گڑھ کے بعد ممبئی میں بھی اندورنی خلفشار کا سامنا کررہی ہے۔
ممبئی کانگریس کے سینئر لیڈر وشوا بندھو رائے نے پارٹی صدر سونیا گاندھی کو خط لکھ کر کہا ہے کہ ممبئی کانگریس کے صدر بھائی جگتاپ شمالی ہند کے لوگوں کی پریشانی کو نظر انداز کر رہے ہیں اور جب ان کے ساتھ ظلم و زیادتی ہوتی ہے تو کانگریس آواز تک نہیں اٹھاتی۔انہوں نے کہا کہ بھائی جگتا پ نے شمالی ہندوستانی پنچایت کی شروعات کی ہے لیکن اس سلسلے میں شمالی ہند کے رہنماؤں سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا اور انہیں نظرانداز کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ممبئی میں ہر روز شمالی ہندوستان کے لوگوں کو ہراساں کیا جاتا ہے لیکن پارٹی میں ان کی تکلیف کے حوالے سے کوئی بھی بات نہیں سنی جاتی۔ شمالی ہندوستان سے وابستہ لیڈروں کی بات کو دبا دیا جاتا ہے اور ان کے مطالبات کو نظرانداز کیا جارہا ہے ۔
مسٹر رائے نے کہا کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات جلد ہونے والے ہیں۔ شمالی ہندوستان کے لوگ بی ایم سی سے سب سے زیادہ پریشان ہیں ، پھر بھی ریاستی صدر خاموش رہتے ہیں ۔ حال ہی میں لاک ڈاون کے دوران شمالی ہندوستانیوں کو مارا پیٹا گیا لیکن ریاستی صدر نے کچھ نہیں کہا۔ انہوں نے پارٹی کے انچارج ایچ سی پاٹل کو بھی نشانہ بنایا اور کہا کہ انہیں نہ مراٹھی آتی ہے اور نہ ہندی ، تو وہ لوگوں کے مسائل کیسے سنیں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS