ڈاکٹرس مریضوں کو مطمئن کرنے کا کام کریں: ستیندر جین

0

آئی ایس ایم ڈاکٹر سیل طویل عرصے سے متحرک اور قابل ستائش کام کررہا ہے:عمران حسین
نئی دہلی (ایس این بی) : ڈاکٹر وں کو ایسی کوشش اور کام کرنا چاہئے جس سے مریض مطمئن ہوسکیں کیونکہ ڈاکٹر اور مریض کا رشتہ بہت الگ ہوتا ہے ،آپ مریضوں کو صرف دوائی ہی نہ دیں بلکہ اس کے درد کو بھی سمجھنے کی کوشش کریں، ساتھ ہی مریض سے مسکراتے ہوئے اور تسلی سے بات کریں ،اس سے مریض کی آدھی تکلیف تو ایسے ہی ختم ہوجاتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر صحت ستیندر جین نے کیا ۔وہ ہفتہ کو آئی ٹی او واقع پیارے لال بھون میں منعقد آئی ایس ایم ڈاکٹر سیل دہلی کے چوتھے یوم تاسیس کی پروقار تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر وزیر خوراک و رسد عمران حسین نے مہمان اعزازی کے طورپر شرکت کی۔ستیندر جین نے ڈاکٹر سیل کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ یہ سیل کافی سالوں سے متحرک ہے اور بہت اچھا کام کررہا ہے۔ اس موقع پرعمران حسین نے یوم تاسیس کی مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر سیل کے پروگرام میں میں ہمیشہ سے ہی شرکت کرتا رہاہوں ،یہ سیل بہت محنت اور لگن سے کام کرتا ہے۔ اس موقع پر اپنے شعبہ میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ڈاکٹر وںکو اعزاز سے نوازا گیا ۔ان میںڈاکٹر یوراج تیاگی، ڈاکٹر ایم خالد صدیقی سابق ڈی جی ، سی سی آر یوایم حکومت ہند ، صفدر جنگ اسپتال میں یونانی میڈیکل سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر سید احمد خاں جنرل سکریٹری آل انڈیا یونانی طبی کانگریس اور حکیم امام الدین ذکائی صدر دہلی چیپٹر آل انڈیا یونانی طبی کانفرنس ،نیما سینٹرل کے صدر ونایک تیمبھورنکرڈایمل کی ڈپٹی ڈائریکٹر نکیتا کوہلی ،آئی ایم اے آیوش کے قومی صدر ڈاکٹر آر پی پاراشر اور ڈاکٹر محمد جنید شامل ہیں۔ پروگرام کی نظامت کرتے ہوئے ڈاکٹر سیل کے کنوینر ڈاکٹر عشرت کفیل نے ڈاکٹر سیل کے پس منظر پر روشنی ڈالی۔
انہوںنے وزرا کے سامنے کچھ مطالبات رکھتے ہوئے کہاکہ طبیہ کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جانا چاہئے اور ا س کا نام حکیم اجمل خاں کے نام پررکھا جائے، یہ یونانی ڈاکٹروں کا دیرینہ مطالبہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ جس طرح آیوروید ڈاکٹر کو سرجری کی اجازت دی گئی ہے اسی طرح یونانی ڈاکٹروں کو بھی سرجری کرنے کی اجازت ملے۔ ان مطالبات پر ستیندر جین نے کہاکہ وہ ان پر غور کریں گے۔ اس موقع پر ڈاکٹر پردیپ اگروال ، ڈاکٹر اشوک شرما ،آئی ایس ایم ڈاکٹرس سیل کے صدر ڈاکٹر راحت علی خاں، ڈاکٹر راکیش گوئل جنرل سکریٹری ،کو آرڈینیٹر ڈاکٹر مکیش پال رانا اور ڈاکٹر مقیم احمد،ڈاکٹر شائستہ،ڈاکٹر ارشد علی سمیت بڑی تعداد میں لوگوںنے شرکت کی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS