نئی دہلی (وفا اعظمی، ایس این بی) : عام آدمی کے لیے اکتوبر کا مہینہ مہنگائی لے کر آیا ہے۔ ویسے تو کھانے پینے کی چیزوں میں اضافہ ہونے کا سلسلہ اس ہفتہ کے شروع سے ہی جاری ہے لیکن اکتوبر کے پہلے ہی دن پٹرول کے ساتھ ساتھ گھروں میں پائپ کے توسط سے پہنچنے والی ایل پی جی گیس بھی مہنگی ہوگئی ہے اور سبزیوں کی قیمتوں میں بھی آگ لگ گئی ہے۔ ہفتہ بھر میں ہی ٹماٹر دوگنا مہنگا ہوگیا ہے۔ پیاز بھی آنسو رلارہی ہے اور ایک کلو پیاز کی قیمت 50 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ ٹماٹر تو تھوک بازار میں ہی 43روپے تک پہنچ گیا ہے جس کے بعد خردہ بازار میں 60 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔ تاجروں کے مطابق پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں ابھی مزید اچھال کا امکان ہے۔سبزیوں کے مہنگے ہونے کی اصل وجہ اس بار برسات کی وجہ سے ٹماٹر اور پیاز کے ساتھ ساتھ دیگر ہری سبزیوں کا خراب ہونا بتائی جارہی ہے۔ آزاد پور تھوک منڈی کے ٹماٹر کے تھوک تاجر انل ملہوترہ بتاتے ہیں کہ ہفتہ کو منڈی میں ٹماٹر 43 روپے فی کلو فروخت ہوا جبکہ کسانوں کے کھیت میں ہی ٹماٹر 40روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے۔ ایسے میں خردہ بازار میں اس کی قیمت میں اچھال آنا فطری بات ہے۔ انہوںنے بتایا کہ اس بار ہوئی بھاری بارش کی وجہ سے ٹماٹر سمیت دیگر ہری سبزیوں کی فصل بڑے پیمانہ پر خراب ہوئی ہے۔ ایسے میں مانگ اور سپلائی میں بڑا فرق آیا ہے جس کی وجہ سے قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ نئی فصل کے آنے میں ابھی وقت لگے گا، اس لیے ٹماٹر کی قیمت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
آلو اور پیاز کے تھوک تاجر شری کانت مشرا نے بتایاکہ جمعہ کو آزاد پور منڈی میں پیازکی قیمت 30روپے رہی جس کے مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ انہوںنے بتایا کہ کرناٹک سے نئی فصل آنے لگی ہے لیکن مانگ اور سپلائی میں بڑا فرق ہے۔ الور میں بارش کی وجہ سے نئی فصل 50فیصد تک خراب ہوگئی ہے، اس لیے نومبر تک جب تک نئی فصل نہیں آجاتی، اس وقت تک پیاز مہنگی ہی فروخت ہوگی۔
آلو کے تھوک تاجر سندیپ کھنڈیلوال نے بتایا کہ جمعہ کو منڈی میں آلو 8-18 روپے فی کلو تک فروخت ہوا۔ ایسے میں خردہ بازار میں آلو 20روپے سے 30روپے بیچا جارہاہے۔ اس کے علاوہ خردہ بازار میں گھیا کی قیمت 30-40 روپے، پھول گوبھی 50-70 روپے، بھنڈی 40-50 روپے، اروی 20-30روپے، بیگن 50-60روپے، ٹنڈا 40-50 روپے، ہری مٹر 80-100روپے، سیتا پھل 20-30روپے، مولی 20-30روپے، گاجر 80-100روپے، لہسن 100-120روپے، لیمو 80-100 روپے فی کلو رہا۔ سبزیوں کے تھوک تاجروں کے مطابق آنے والے دنوں میں ہری سبزیوں کی قیمتوں میں گراوٹ آنے کا امکان کم ہے۔
آنسو رلارہی ہے مہنگائی:سبزیاں عام آدمی کی پہنچ سے دور، قیمتیں آسمان چھونے لگیں
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS