نئی دہلی (ایجنسی): دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے ذریعہ آئندہ اتراکھنڈ اسمبلی انتخاب کے پیش نظر کیے جا رہے وعدوں کو لے کر دہلی ریاستی کانگریس کے صدر چودھری انل کمار نے تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ انھوں نے دہلی میں کیے گئے وعدے تو پورے نہیں کیے، اب دوسری ریاستوں میں وعدے کر رہے ہیں جو کہ’انتخابی جملے‘ثابت ہوں گے۔ چودھری انل نے کہا کہ کیجریوال اتراکھنڈ میں اپنا سیاسی مفاد حاصل کرنے کے لیے 6 گارنٹی پروگراموں کو نافذ کرنے کا جھوٹا وعدہ کر رہے ہیں، اور یہ وعدے اتراکھنڈ کے باشندوں کو دہلی والوں کی طرح دھوکہ دینے کی بنیاد کے علاوہ کچھ نہیں۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری انل کمار نے کہا کہ اروند کیجریوال کے ذریعہ اتراکھنڈ میں ہر گھر روزگار گارنٹی کے اعلان پر خود ہی سوالیہ نشان لگ جاتا ہے کیونکہ دہلی میں آپ کے منشور میں 8 لاکھ نوجوانوں کو روزگار دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، جب کہ آر ٹی آئی کے مطابق دہلی میں 7 سالوں کی حکومت میں صرف 440 ملازمتیں محکمہ روزگار نے دیں۔ چودھری انل نے مزید کہا کہ جھوٹے وعدے کرنے والے کیجریوال نے اتراکھنڈ میں ہجرت روکنے کے لیے روزگار و ہجرت وزارت تشکیل دینے کی بات کہی ہے، لیکن دہلی حکومت میں روزگار کا انتظام دیکھنے والے روزگار دفتر میں خود 84 فیصد عہدے خالی پڑے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کیجریوال بتائیں کہ دہلی میں 440 نوجوانوں میں سے کتنے اتراکھنڈ کے نوجوانوں کو روزگار دیا گیا؟
دہلی کانگریس صدر چودھری انل نے کیجریوال پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اتراکھنڈ میں پرائیویٹ سیکٹر میں ملازمت کے لیے جاب پورٹل کا وعدہ کرنے والے کیجریوال نے دہلی میں نوجوانوں کو کووڈ بحران میں پرائیویٹ اداروں میں ملازمت دلانے کے لیے کروڑوں روپے خرچ کر کے جاب پورٹل شروع کیا جس میں 13 لاکھ 27 ہزار 61 بے روزگار نوجوانوں نے رجسٹریشن کرایا، لیکن صرف 3896 نوجوانوں کو روزگار ملا۔ چودھری انل نے اتراکھنڈ کے نوجوانوں کو کیجریوال کے ذریعہ فی ماہ 5 ہزار روپے دینے کے وعدہ پر حملہ کیا۔
’آپ‘کے وعدوں کی کھل گئی پول،دلی میں اتنی کم ملازمت تو دوسری ریاستوں کے وعدوں کا کیا ؟
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS