ہرش مندر نشانے پر، سونو سود کے بعد سابق آئی اے ایس کے ٹھکانوں پر چھاپے

0
Image: The Indian Express

نئی دہلی (ایجنسی) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جمعرات کو نئی دہلی میں ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر اور سماجی کارکن ہرش مندر کی رہائش گاہ اور دفتر پر چھاپہ مارا۔ ای ڈی کے چھاپے ایسے وقت میں آئے ہیں جب ہرش مندر اپنی بیوی کے ساتھ جرمنی گئے ہوئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہرش مندر اپنی بیوی کے ساتھ آج صبح ہی ایک اسکالرشپ پروگرام میں حصہ لینے کے لیے جرمنی گئے ہیں۔ ہرش مندر سونیا گاندھی کے قریبی بھی رہے ہیں اور سابقہ ​​یو پی اے حکومت میں قومی مشاورتی کونسل کے رکن بھی تھے۔ اس کونسل کی چیئرمین خود سونیا گاندھی تھیں۔
ہرش مندر راجدھانی دہلی کے ادھچینی علاقے میں سنٹر پر ایکویٹی اسٹڈیز (سی ای ایس) نامی ادارہ چلاتے ہیں۔ آج صبح تقریباً 9 بجے ای ڈی کے افسر سی ای ایس کے دفتر اور ہرش مندر کے گھر پہنچے۔ اس وقت دفتر کے چند ایک ملازم موجود تھے جب کہ ان کے گھر پر کوئی نہیں تھا۔ چھاپہ ماری کی کارروائی شروع ہوتے ہی سی ای ایس کے اکاؤنٹینٹ دفتر پہنچ گئے تھے۔ ساتھ ہی ہرش مندر کی بیٹی اور ان کے اہل خانہ بھی اطلاع ملنے پر پہنچ گئے تھے۔ ای ڈی افسران نے ان سبھی کے موبائل فون بند کر دیئے تھے۔ اُدھر امید امن گھر کے نام کے لڑکوں کے اسکول میں بھی ای ڈی کی ٹیم پہنچی تھی۔ وہاں بھی اس وقت مینجمنٹ کے کچھ اسٹاف موجود تھے۔
اس سال یعنی 2021 کی فروری میں دہلی پولیس کے معاشی جرائم برانچ نے ان دونوں اسکولوں اور ہرش مندر کے ادارہ سی ای ایس کے خلاف معاملہ درج کیا تھا۔ اس میں سی ایس پر دھوکہ دہی، مجرمانہ سازش کے دفعات لگائے گئے تھے۔ پولیس نے یہ کیس حقوق اطفال تحفظ کمیشن کی رپورٹ کی بنیاد پر درج کیا تھا۔
واضح رہے کہ اسکالرشپ برلن کے رابرٹ بوش اکیڈمی نے دی ہے اور وہ وہاں 9 مہینے رکنے والے تھے۔ دھیان رہے کہ ہرش مندر نے 2017 میں کاروانِ محبت نام کی سول لبرٹی مہم شروع کی تھی جس کے تحت ہیٹ کرائم کے متاثرین کی مدد کی جاتی ہے اور انھیں انصاف دلانے کی کوشش کی جاتی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS