لکھنؤ،(ایجنسی) اترپردیش حکومت کی کابینہ نے بدھ کو ہونے والی میٹنگ کے دوران دو بڑے فیصلے کیے۔ اس کے تحت دیوبند کے بعد اب مئو میں اے ٹی ایس کا مرکز قائم کرنے کی تجویز کو بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ریاستی حکومت نے مالی سال 2021-22 کے لیے دھان سپورٹ قیمت میں اضافے کا بھی اعلان کیا اور یہ اضافہ بدھ سے ہی قابل اطلاق سمجھا جائے گا۔ معلومات کے مطابق اب عام دھان کے لیے 1940 روپے فی کوئنٹل اور گریڈ اے دھان کے لیے 1960 روپے فی کوئنٹل کا ریٹ مقرر کیا گیا ہے۔ یہ بات قابل غور ہے کہ مرکزی حکومت نے جون میں ہی یہ شرح مقرر کی تھی۔ جس کے بعد ریاستی حکومت نے اسے بدھ سے نافذ کردیا ہے۔
غور طلب ہے کہ اس سے قبل یوگی حکومت نے اے ٹی ایس کے 12 یونٹس کے قیام کی سفارش کی تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ اے ٹی ایس کو مزید مضبوط بنانے کی تجویز بھی مانگی گئی۔ اس دوران بتایا گیا کہ اے ٹی ایس کو جدید آلات سے لیس کیا جائے گا اور ملازمین اور افسران کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔
معلومات کے مطابق ریاست کے 10 حساس اضلاع میں اے ٹی ایس یونٹس کے قیام کا معاملہ پہلے بھی منظر عام پر آیا تھا۔ ان میں سے اے ٹی ایس یونٹس/کمانڈو ٹریننگ سینٹر میرٹھ ،علی گڑھ،شراوستی،بہرائچ،گریٹر نوئیڈا (زیورایئرپورٹ)،اعظم گڑھ (قریبی ایئرپورٹ)،کانپور،سون بھدرہ،مرزا پور اور سہارنپور کے دیوبند میں قائم کیے جانے تھے۔ اب ان میں مئو کا نام بھی شامل ہو گیا ہے۔
زمین بھی الاٹ کی گئی۔
اے ٹی ایس کے یونٹ کے قیام کے لیے متعلقہ اضلاع میں اراضی مختص کر دی گئی ہے اور عمارتوں کی تعمیر کے لیے کارروائی جاری ہے۔ اس کے علاوہ وارانسی اور جھانسی میں اے ٹی ایس یونٹس کے قیام کے لیے زمین کی الاٹمنٹ جلد ہونے کا امکان ہے۔ حکومت کی ہدایات کے مطابق اے ٹی ایس کو مزید موثر بنانے کے لیے ہند نیپال سرحد پر بہرائچ اور شراوستی میں اے ٹی ایس کے نئے فیلڈ یونٹ قائم کیے گئے ہیں۔ یہاں بھی کام آسانی سے جاری ہے۔