نیا ہندوستان کھلاڑیوں پر تمغہ حاصل کرنے کے لئے دباؤ نہیں ڈالتا :مودی

0
iMAGE: REPUBLIC wORLD

نئی دہلی: (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز ٹوکیو پیرالمپک کھلاڑیوں کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ آپ اس مقام تک پہنچے ہیں کیونکہ آپ حقیقی چیمپئن ہیں۔ آپ نے زندگی کے کھیل میں مشکلات کو شکست دی ہے۔زندگی کے کھیل میں آپ جیت چکے ہیں ، چیمپئن ہیں۔ بطور کھلاڑی آپ کے لئے آپ کی جیت، آپ کا تمغہ بہت اہم اہم ہے ،لیکن میں بار بار کہتا ہوں کہ نئی سوچ کا ہندوستان آج اپنے کھلاڑیوں پر تمغوں کے لیے دباؤ نہیں ڈالتا۔اس موقع پر نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کے مرکزی وزیر ، اطلاعات ونشریات کے مرکزی وزیر انوراگ سنگھ ٹھاکر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے معذور کھلاڑیوں کی،ان کی خود اعتمادی اور قوت ارادی کی ستائش کی۔ انہوں نے پیرالمپک کھیلوں میں اب تک کے سب سے بڑے دستے کے لئے ان کی سخت محنت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں معذور کھلاڑیوں کے ساتھ گفتگو کرنے کے بعد پوری امید ہے کہ ہندوستان ٹوکیو –2020 پیرالمپک گیمس میں بھی ایک نئی تاریخ رقم کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج کا نیا بھارت کھلاڑیوں پر تمغوں کے لئے دباؤ نہیں ڈالتا بلکہ یہ امید کرتا ہے کہ وہ اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ حالیہ اولمپکس کھیلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہ ملک پوری طرح کھلاڑیوں کی کوششوں میں ان کے ساتھ ہے، چاہے وہ جیتیں یا ہاریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ بہت سے ایسے نوجوان کھلاڑی ہیں جن میں تمغہ جیتنے کی صلاحیت موجود ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک آج ان تک پہنچنے کی کوشش کر رہا ہے اور دیہی علاقوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ وزیراعظم نے بتایا کہ مقامی اہلیت کے اعتراف کے لئے 360 کھیلو انڈیا سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔ جلد ہی ان کی تعداد کو بڑھا کر ایک ہزار کر دیا جائے گا۔ سازو سامان، میدان اور دیگر وسائل اور بنیادی ڈھانچہ کھلاڑیوں کو فراہم کیا جا رہا ہے۔ ملک کھلاڑیوں کی کھلے دل سے مدد کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک ٹارگیٹ اولمپک پوڈیم اسکیم کے ذریعے ضروری سہولیات فراہم کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے اسرار کیا کہ اعلیٰ ترین مقام پر پہنچنے کے لئے ہمیں اس خوف سے نجات پانی ہوگی جس نے پرانی نسل کے دلوں پر قبضہ کر رکھا تھا اور وہ اس خدشہ میں رہتے تھے کہ اگر کسی بچے کو کھیلوں میں دلچسپی ہے تو اس کا صرف ایک دو کھیلوں کو چھوڑ کر باقی کسی کھیل میں کیریئر نہیں ہے۔ اس عدم سکیورٹی کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ ہمیں ہندوستان میں کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے اپنے طریقہ کار اور نظام کو بہتر بنانا ہوگا۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ نئے کھیل بین الاقوامی کھیلوں کے فروغ کے ساتھ نئی شناخت حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے منی پور کے امپھال میں اسپورٹس یونیورسٹی کے قیام ، نئی تعلیمی پالیسی میں کھیلوں کی حیثیت اور کھیلو انڈیا تحریک کا اس سلسلے میں اہم اقدامات کے طور پر ذکر کیا۔وزیراعظم نے کھلاڑیوں کو بتایا کہ انہوں نے اس بات کے قطع نظر کہ وہ کس کھیل کی نمائندگی کرتے ہیں، ایک بھارت شریشٹھ بھارت کے جذبے کو مستحکم کیا ہے۔ وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ آپ کسی بھی ریاست یا خطے سے تعلق رکھتے ہوں، آپ کوئی بھی زبان بولتے ہوں، ان سب سے بالاتر آج آپ ایک ٹیم انڈیا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جذبہ ہمارے سماج کی ہر سطح پر سرایت کر جانا چاہئے۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS