’آس پاس کے دیہات اور ان سے ملحقہ علاقے کو خطرہ‘

0

شملہ:(یو این آئی) ہماچل پردیش میں لاہول اسپیتی ضلع کے نلدا گاؤں کے قریب ایک پہاڑ کے گرنے سے دریائے چندربھاگا کا بہاؤرک گیا ہے، جس سے آس پاس کے دیہات اور ان سے ملحقہ علاقے کو خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔دیر شام تک لوگوں نے راحت کی سانس لی جب چندر بھاگا ندی کا بہاؤ دوبارہ شروع ہوا۔ دریا کا تقریبا 80 فیصد پانی کم ہونا شروع ہو گیا ہے۔ اس سے پہلے دریا کے پانی کا بہاؤ رکنے سے کئی دیہات خطرے میں تھے۔ لوگ اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے۔ جنڈا ، تڈنگ اور جسرتھ گاؤں میں سینکڑوں بیگھا اراضی پر فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔دریا میں پانی کی سطح بڑھنے سے چار گھروں میں پانی جمع ہوگیا جس سے تقریبا 16 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ ان خاندانوں کے لیے عارضی پناہ گاہ ، خوراک اور کمبل کا انتظام کیا گیا ہے۔ گھر سے پانی نکال دیا گیا ہے۔ پانی کی نکاسی کا کام مکمل کیا جا رہا ہے۔ وزیر رام لال مارکنڈا نے ضلع انتظامیہ کے ساتھ جائے واقع کا دورہ کیا اور وادی میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔
واضح رہے کہ ندی کی آبی سطح رکنے سے آئی سیلاب میں پانچ گائے، ایک بھیڑ اور ایک بچھڑا بہہ گیا اور تیس بیگھا زرعی اراضی بھی سیلاب کی لپیٹ میں آ گئی ہے۔ ابھی تک تقریبا 52 لاکھ روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔ این ڈی آر ایف کی ٹیم کو کلو میں الرٹ پر رکھا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS