نئی دہلی (محمد یامین ،ایس این بی) : برسات کی زور دار بارش سے جمنا پار کے بیشتر علاقوں کی گلیاں اور سڑکیں تالاب میں تبدیل ہونے سے آنا جانا بند ہوگیا جس نے میونسپل کارپوریشن اور کونسلروں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔ اس تعلق سے سماجی کارکن حاجی محمد خوشنود کا کہنا ہے کہ مصطفی آباد 25فٹا روڈ کے ایک حصہ کو ابھی تک بنایا نہیں گیا ہے اور بارش ہوتے ہی روڈ اور اس سے جڑنے والی بیشتر گلیوں نے تالاب کی شکل اختیار کرلی ہے جس سے دکاندا روں کا کاربار بری طرح متاثر ہے اور مارکیٹ میں آنے جانے والوں کو بھی پریشانی سے دوچار ہونا پڑرہا ہے مگر ممبر اسمبلی حاجی محمد یونس کو کوئی پرواہ نہیں ہے ۔ محمد رضوان انجم کا کہنا ہے کہ بیشتر گلیوں میں پانی کی نکاسی نہ ہونے سے گلیوں میں پانی بھرگیا ہے اور نالی و نالے جام ہوگئے ہیں جن کا گندہ پانی گلیوں اور سڑک پر بہنے لگا ہے جس میںغلاظت و مردہ جانور وں کی بدبو اور تعفن سے براحال ہے۔ عبدالحفیظ اور ڈاکٹر محمد یامین انصاری نے بتایا کہ برسات شروع ہوتے ہی سیلم پور اور مارکیٹ کی بیشتر گلیوں نالیوں کی صاف صفائی نہ ہونے پر لوگوں کا آنا جانا مشکل ہوجاتا ہے اورمصروف ترین جعفرآباد کے مین روڈ کا بھی برا حال ہونے سے دکاندار، خریدارا ور آنے جانے والے بیحد پریشان ہیںجس کے بارے میں موج پور اور چوہان بانگر وارڈ کے کونسلر سے کہا جاتا ہے مگر وہ ایک دوسرے کا کام بتادیتے ہیں۔ برہم پوری کے سماجی کارکن حاجی صفدر علی کا کہنا ہے کہ مصروف ترین برہم پوری روڈ پر اور بیشتر گلیوں میںجگہ جگہ گڈھوں میں بارش کا پانی بھرگیا ہے جس سے آنے جانے والوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔
شاستری پارک ،نورالٰہی ،گوتم پوری اور عثمان پور کے راجندر پردھان اورڈاکٹر محمد اشتیاق و دیگر سرکردہ لوگوں نے بتایا کہ بارش کا پانی گلیوں میں بھرا ہوا ہے جس کی نکاسی اور صاف صفائی کے لئے کونسلر کی توجہ دلائی جاتی ہے مگر کونسلر کے کے اگر وال اپنی ذمہ دارری نبھانے میں لاپرواہ ہیں ۔سیلم پور کے عطا ء الرحمن اجملی کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کے تحت دوائی ڈالنے اور فاگنگ کا نظم نہ ہونے پر مچھروں کی بہتات وگندگی سے چکن گنیا، ڈینگو، ملیریا، ہیضہ ، آنتوں کی سوزش ،الٹی دست ،بخار و دیگر بیماریوں میں لوگ ملوث ہونے لگتے ہیں جس کی روک تھام اور برسات کے مد نظر کونسلروں کو اپنی ذمہ داری پر خاص دھیان دینے کی ضرورت ہے تبھی گندگی اور بیماریوں سے بچنا ممکن ہے ۔ شری رام کالونی راجیو نگر مصروف ترین روڈ اور بیشتر گلیوں نے تالاب کی شکل اختیار کرلی ہے جس میں غلاظت اور کوڑا چلے جانے سے بدبو و تعفن سے لوگ پریشان ہیں مگر مقامی کونسلر کو کوئی پرواہ نہیں ہے۔مصطفی آباد اور سیلم پورکے ممبر اسمبلی حاجی محمد یونس اور عبدالرحمن کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن بی جے پی کے تحت ہے اس کے باوجود صاف صفائی کے معاملہ میں اپنے اثرورسوخ استعمال کرتے ہیں اورجس طرح حکومت دہلی نے اپنے دور اقتدار میں مفاد عامہ کے تحت مثالی کام انجام دیئے ہیں اگر مستقبل کے ایم سی ڈی الیکشن میںعام آدمی پارٹی کے تحت میونسپل کارپوریشن ہوجائے گا تو پھر ایم سی ڈی کے تحت بھی لوگوں کو تمام بنیادی سہولتیں فراہم ہوں گی۔
جمنا پار میں گلیاں سڑکیں تلاب میں تبدیل، کونسلروں کی قلعی کھلی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS