سائیکل چلا کر بی جے پی کی پالیسیوں کی مخالفت کریں گے اکھلیش

0
Image: Patrika

لکھنو:(یواین آئی) سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو پانچ اگست کو سائیکل چلا کر بی جے پی کی عوام مخالف پالیسی کی مخالفت کریں گے۔دو ہزار سے زیادہ سماج وادی کارکنوں اپنے قومی صدر کے ساتھ ریاستی راجدھانی کی سڑکوں پر 6.5کلومیٹر لمبی مسافت سائیکل چلاکر پورا کریں گے۔
پارٹی ترجمان راجندر چودھری نے بتایا کہ ایس پی لیڈر جنیشور مشر کی جینتی پر ایس پی اترپردیش کے ہر ضلع میں تحصیل سطح پر بی جے پی کی عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف سماج وادی پارٹی سائیکل یاترا نکالے گی۔یہ سائیکل یاترا 5 تا 10کلو میٹر چلے گی۔ مسٹر اکھلیش یادو خود پانچ اگست کو لکھنو میں سائیکل یاترا کر کے بی جے پی کی ڈبل انجن حکومت کے کالے کارنامے پر اپنی مخالفت درج کرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سماج وادی سائیکل یاترا محمد اعظم خان کو فرضی مقدمے میں پھنسا کر جیل میں رکھنے، جرائم اور بدعنوانی کے شباب پر ہونے، بے لگام مہنگائی، کسانوں پر کالے زرعی قوانین کی مار،بے روزگاری سے بے حال نوجوان،خواتین کی ہراسانی، ریزرویشن پر سنگھی حملہ، ضلع پنچایت انتخاب میں گھپلے کی وجہ سے جمہوریت پر خطرہ اور اور خستہ حال نظم ونسق کی وجہ سے کورونا سے ہوئی اموات وغیرہ کے سلسلے میں ہورہی ہے۔ اس یاترا کا آغاز ضلع میں سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر جھنڈی دکھا کریں گے۔
مسٹر چودھری نے کہا کہ ریاست میں آج غیر منظم نظم ونسق کی وجہ سے عوام الناس پوری طرح سے پریشان ہیں۔ ضروری اشیاء کی قیمتوں میں دو گنا،تین گنا اضافہ ہوا ہے جبکہ پٹرول، ڈیزل،رسوئی گیس کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں۔اقتدار کے تحفظ یافتہ جرائم پیشہ افراد کے دہشت کے سامنے انتظامیہ خاص کرپولیس اپنے آپ کو مجبور پارہی ہے۔ ذات دیکھ کر جرائم پیشہ افراد کے خلاف سلوک کیا جاتا ہے۔بی جے پی حکومت عوام کے ساتھ صرف وعدوں کا ہوائی محل تعمیر کررہی ہے۔یہ عوام کے ساتھ دھوکہ ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS