ہندوستانی ہاکی ٹیم: ارجنٹینا کو شکست دے کر کوارٹرفائنل میں

0
firstpost

ٹوکیو،بھوپال(یو این آئی) : ہندوستان کی مرد ہاکی ٹیم نے پول اے کے میچ میں دفاعی اولمپک چیمپین ارجنٹینا کو تین ۔ایک سے شکست دے کر ٹوکیو اولمپکس ہاکی ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ہندوستان کی جیت میں ورون کمار نے 43 ویں ، وویک ساگر پرساد نے 58 ویں اور ہرمن پریت سنگھ نے 59 ویں منٹ میں گول کیا جبکہ ارجنٹینا کا واحد گول میکو کسیلا نے 48 ویں منٹ میں کیا۔ ہندوستان نے پہلے دو کوارٹرز میں بغیر کسی گول کے بعد تیسرے کوارٹر میں برتری حاصل کی جبکہ آخری کوارٹر کے 48 ویں منٹ میں ارجنٹینا نے برابری حاصل کرلی ۔
ہندوستان نے برتری حاصل کرنے کے لئے پورا زور لگایا اور آخری منٹ میں مسلسل دو گول کرکے جیت اپنے نام کرلی۔ ہندوستان کی چار میچوں میں یہ تیسری جیت ہے اور وہ نو پوائنٹس کے ساتھ عالمی نمبر دو آسٹریلیا (12 پوائنٹس) کے بعد دوسرے نمبر پر ہے ۔ ہر گروپ سے سرفہرست چار ٹیمیں کوارٹر فائنل میں داخل ہوں گی ۔ ہندوستان کا آخری گروپ میچ جمعہ کو میزبان جاپان کے خلاف ہوگا۔
دریں اثناء مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے ٹوکیو اولمپک میں اپنی بہترین کارکردگی سے ارجنٹینا کے خلاف گول کرتے ہوئے ہندوستان کو فاتح بنانے میں اہم کردار ادا کرنے والے کھلاڑی وویک ساگر کو مبارکباد دی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ مدھیہ پردیش کی سرزمین کے نوجوان کھلاڑی اور مڈفیلڈر وویک ساگر نے اپنی بہترین کارکردگی سے ٹوکیواولمپک میں ارجنٹینا کے خلاف گول کرتے ہوئے ہندوستان کو فاتح بنانے میں اہم کرادا ادا کیا۔ مدھیہ پردیش کے بیٹے پر پورے ملک کو فخر ہے ۔
دریں اثنا ، ریاستی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے میڈیا انچارج لوکندر پاراشر نے ہاکی کے کھلاڑی وویک ساگر کو مبارکباد دی جنہوں نے ہاکی میچ میں ارجنٹینا کے خلاف گول کرکے ہندوستان کو تین۔ایک سے جیت دلائی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS