نئی دہلی (ایس این بی ) : اوکھلا کے شاہین باغ کے نزدیک کنچن کنج میں روہنگیائی پناہ گزین کے ذریعہ نماز کے لئے عارضی طور پر بنائے گئے مقام کوگزشتہ روزمنہدم کئے جانے کے بعد انتظامیہ نے رضاکارانہ تنظیموں اور سیاسی لوگوں کو مذکورہ مقام پر جانے کی اجازت نہیں دی۔اس کے بعد مقامی سابق ممبر اسمبلی آصف محمد خان کی ٹیم کے اہم رکن عبد الوہاب ملک نے متاثرین سے مسجد مقام کو منہدم کئے جانے کو لے کر بات چیت کے ساتھ ان لوگوں میں پکا ہوا کھانا تقسیم کیا ۔متاثرین کا کہنا تھا کہ وہ پہلے ہی آتش زنی کے بعد بے گھر ہوگئے ہیں اور انتظامیہ نے کل جمعرات کو ان کے نماز پڑھنے کے مقام کو منہدم کردیا ،ان کو یہاں نمازکی ادائیگی کی اجازت دی جائے۔
واضح رہے کہ اوکھلا اسمبلی حلقہ کے تحت کنچن کنج علاقے میں گزشتہ مہینے جھگیوں میں بھیانک آتش زنی سے بڑی تعداد میں لوگوں کے آشیانہ جل کر راکھ ہوگئے تھے ۔اس حادثے میں تقریباً 55جھگیاں جل کر خاک ہوئی تھیں اور تقریباً 250روہنگیائی پناہ گزین کھلے آسمان کے نیچے آگئے تھے جو فی الحال ایک مہینے سے زیادہ وقت سے عارضی تمبوئوں میں رہنے کو مجبور ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ آتش زنی کے بعد بھی سرکاری سطح پر ان متاثرین کے ساتھ ہمدردانہ سلوک نہیں کیا گیا اور ان کی مدد کو آگے آرہی این جی اوز اور سماجی تنظیموں کو فلاحی کاموں سے روکنے کی کوشش کی گئی اور ان کے نام وغیرہ رجسٹر میں درج کئے گئے تاکہ وہ ڈر کرآئندہ اس طرف رخ نہ کرسکیں ۔سرکاری سطح پر ا س زیادتی کی مقامی لوگوں نے شدید مخالفت کی تھی ،جس کے بعد ہی متاثرین کی مدد ہوسکی۔جمعہ کو ٹیم آصف محمد خان کے اہم رکن عبد الوہاب ملک کی قیادت میں دیگر اراکین محسن خان ،سلمان ملک اور جعفر انصاری دو پہرکوکنچن کنج پہنچے اور متاثرین سے بات چیت کر جانکاری حاصل کی ۔ متاثرین نے بتایا کہ جمعرات کوعلیٰ الصباح 5 بجے کو عارضی مسجد کو منہدم کردیا گیا ۔ٹیم کے اراکین مسجد مقام کا جائزہ لینا چاہتے تھے لیکن انتظامیہ اور پولیس نے وہاں جانے کے راستے کو بند کردیا تھا ۔اس تعلق سے عبد الوہاب ملک کا کہنا ہے کہ لوگوں کے مطابق بغیر کسی نوٹس وغیرہ کے اچانک عارضی مسجد کو منہدم کر دیا گیا ،یہ متاثرین کے ساتھ زیادتی ہے اور ان کی مانگ ہے کہ دہلی کی اروند کجریوال سرکار اور یو پی کی یوگی سرکار متاثرین کو یہاں نماز کی اجازت کے ساتھ بنیادی سہولیات مہیا کرائے ۔انہوں نے بتایا کہ آج یہاں متاثرین میں پکا ہواکھانا تقسیم کیا گیا اور آگے بھی لوگوں کی مدد کی جائے گی ۔
سرکاریں روہنگیائی پناہ گزینوں کو بنیادی سہولتیں مہیا کرائیں
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS