سعودی جیلوں میں قید 62 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

0
dawn.com

کراچی: (یو این آئی) مختلف معاملات میں سعودی عرب کی جیلوں میں قید مزید 62 پاکستانی رہائی کے بعد خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستان پہنچے۔
ڈان کی رپورٹ کے مطابق ان پاکستانیوں کی وطن واپسی وزیراعظم عمران خان کی مداخلت اور ان کی واپسی کے لیے فنڈز کا انتظام کرنے سے عمل میں آئی۔اس ضمن میں سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں انہوں نے لکھا کہ ‘میرے احکامات پر سرمائے کا انتظام کیا گیا اور ایک خصوصی پرواز 62 پاکستانی قیدیوں کو لے کر سعودی عرب سے وطن واپس پہنچی تا کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ عید منا سکیں۔


وزیراعظم نے مزید کہا کہ ‘بیرونِ ملک جیلوں میں قید پاکستانیوں کی مدد اور وطن واپسی کے لیے ان کی معاونت اپنے لوگوں سے میری حکومت کا وعدہ ہے’۔
سعودی عرب کی جیلوں میں قید 2 ہزار پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے مئی میں ریاض اور اسلام آباد کے درمیان قیدیوں کی منتقلی کا معاہدہ ہوا تھا۔
قبل ازیں فروری 2019 سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا اور وزیراعظم عمران خان کے توجہ دلانے پر 2 ہزار 107 قیدیوں کی رہائی پر اتفاق کیا تھا۔
بعدازاں اکتوبر میں اوورسیز پاکستان فاؤنڈیشن کے ایک عہدیدار نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانی و انسانی حقوق کو بتایا تھا سعودی عرب میں شاہی فرمان میں شاہی معافی کے تحت 579 پاکستانیوں کو رہا کیا جاچکا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS