پٹنہ (ایس این بی) : آر جے ڈی کی مہنگائی کے خلاف 2 روزہ ریاست گیر تحریک کا آج پہلا دن ہے۔ پارٹی کے لیڈروںنے آج بلاک سطح پر مظاہرہ کیا۔ اتوار صبح سے ہی پٹنہ سمیت بہار کے کئی حصوں میں آر جے ڈی لیڈر سڑکوں پر اترے۔ پٹنہ کے کارگل چوک ، سمپت چک پر یوتھ آر جے ڈی کے ریاستی سکریٹری جیمس یادو کی قیادت میں مظاہرہ کیا گیا۔ یہاں کارکنان نے بائک کو رسی سے کھینچ کر ریلی نکالی اور پی ایم مودی کا پتلا نذر آتش کیا۔ ویشالی کے بھگوان پور میں کارکنان نے بیل گاڑی پر ڈیزل، پٹرول اور رسوئی گیس کی بڑھتی قیمتوں کو لے کر حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا۔مظاہرے میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو بھی شامل ہوئے۔ آر جے ڈی 18-19 جولائی کو پورے بہار میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی تحریک چلار ہی ہے۔ اس درمیان لالو پرساد یادو نے مہنگائی کم کرنے کا نسخہ دیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ مہنگائی کم کرنے کا نسخہ دے رہا ہوں۔ این ڈی اے ہٹائو ۔ مہنگائی گھٹائو۔ آر جے ڈی نے اپنے آفیشیل فیس بک پیج پر لکھا ہے کہ زندہ قومیں 5 سال انتظار نہیں کرتیں۔پارٹی نے آگے کہا کہ تاناشاہ حکومت کو نیند سے بیدار کرنے کیلئے عوامی تحریک شروع کریں کیونکہ یہ حکومت عوام کو اپنا غلام سمجھنے لگی ہے۔ آر جے ڈی نے مہنگائی پر مرکزی اور نتیش حکومت کو بھی ذمہ دار مانا ہے۔ پارٹی نے سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ ریکارڈ ہی نہیں، تو کیسی حکومت؟ نتیش حکومت یعنی ریکارڈ توڑ مہنگائی کی حکومت ۔
آر جے ڈی ترجمان مرتنجے تیواری نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے بڑھتی مہنگائی کے خلا ف ریاست گیر تحریک کی اپیل لالو پرساد اور تیجسوی یادو نے کی ہے۔ حکومت پٹرول- ڈیزل، گیس سمیت رسوئی کی تمام چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ کرکے کارپوریٹ گھرانوں کی تجوری بھر رہی ہے۔
’این ڈی اے ہٹاؤ-مہنگائی گھٹاؤ‘لالو پرساد کا نیا نعرہ
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS