دہرہ دون (ایجنسیاں) : اتراکھنڈ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی پشکر سنگھ دھامی نے اتوار کے روز ریاست کے 11ویں وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔گورنر بے بی رانی موریہ نے دھامی کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ راج بھون میں شام تقریباً 5 بجے قومی ترانے کے ساتھ نئے وزیراعلیٰ کے عہدے کی حلف برداری کا پروگرام شروع ہوا۔گورنر موریہ نے نومنتخب وزیراعلیٰ دھامی کو حلف دلایا۔ اس کے بعد دھامی نے سبکدوش ہونے والے کابینی ارکان ستیہ پال مہاراج، سبودھ انیال، ہرک سنگھ راوت، وشن سنگھ چفال، بنشی دھر بھگت، اروند پانڈے ، یشپال آریہ، گنیش جوشی، ریکھا آریہ، دھن سنگھ راوت، سوامی یتیشورا نند کو وزیر کے عہدے کا حلف دلایا۔تقریب کا انعقاد چیف سکریٹری اوم پرکاش نے کیا۔ وزیروں کے عہدوں کی تقسیم کے بعد میں کی جائے گی۔
دریں اثنا حلف لینے کے بعد پشکر سنگھ دھامی نے کہاکہ میں نوجوانوں کے درمیان کام کرتا رہاہوں اور مسائل کو اچھی طرح سے سمجھتا ہوں۔ کورونا نے ان کی زندگی پر اثر ڈالا ہے۔ ہم ان کیلئے حالات کو بہتر بنانے کیلئے کام کریں گے۔ ریاست میں خالی عہدوں پر نوجوانوں کی تقرری کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس میں کچھ مشکلیں ہیں، لیکن ریاست میں ٹورازم اور چاردھام یاترا پھر سے شروع کرنا ہمارے لئے بہت ضروری ہے۔ میری عمر کم ہے، یہاں ہر کوئی تجربہ کار ہے۔ میری پارٹی کیلئے جس نے مجھے یہ موقع دیاہے، میرا فرض ہے کہ میں نئے اور پرانے ارکان کو ساتھ لے کر چلوں۔ پارٹی اور ریاست کے کام کو آگے بڑھاؤں۔حلف برداری تقریب سے پہلے پشکر سنگھ دھامی نے ریاست کے سابق وزرائے اعلیٰ سے صبح ملاقات کی۔ اتوار شام کو دھامی نے سابق وزیر اعلیٰ تیرتھ سنگھ راوت سے بھاگیرتھی پورم میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ انہوں نے سابق وزیراعلیٰ ترویندر سنگھ راوت سے بھی ڈیفنس کالونی مین واقع رہائش گاہ میں ملاقات کی۔بتادیں کہ ہفتہ کو بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کئے جانے کے بعد دھامی نے پارٹی لیڈروں کے ساتھ راج بھون جاکر گورنر بے بی رانی موریہ سے ملاقات کی اور انہیں سرکار بنانے سے متعلق دستاویز سونپے تھے۔اودھم سنگھ نگر ضلع کے کھٹیما سے 2 مرتبہ ممبر اسمبلی رہے 45 سال کے پشکر سنگھ دھامی اترا کھنڈ کے اب تک کے سب سے نوجوان وزیر اعلیٰ ہیں۔ دھامی کو راوت کی جگہ وزیر اعلیٰ کا عہدہ سونپا گیا ہے ، جنہوں نے 4 مہینے سے بھی کم کی اپنی مدت کار کے بعد ریاست میں آئینی بحران کا حوالہ دیتے ہوئے جمعہ دیر رات عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
پشکر سنگھ دھامی اتراکھنڈ کے11ویں وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لیا
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS