جموں و کشمیر ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا احتجاج، عارضی ملازمین کی مستقلی کا مطالبہ

0

سری نگر: (یو این آئی) جموں و کشمیر ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے بدھ کے روز یہاں پریس کالونی میں مختلف سرکاری محکموں میں تعینات عارضی ملازموں کی نوکریوں کی مستقلی کے حق میں احتجاج درج کیا ہے۔
احتجاجیوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈس بھی اٹھا رکھے تھے جن پر عارضی ملازموں کی مستقلی کے حق میں نعرے درج تھے۔
اس موقع پر ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر محمد رفیق راتھر نے نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ مختلف سرکاری محکموں میں تعینات زائد از 60 ہزار عارضی ملازموں کا مسئلہ اب ایک انسانی مسئلہ بن گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملازمین گذشتہ بیس برسوں سے کام کر رہے ہیں لیکن آج تک ان کی نوکریوں کو مستقل کرنے کے لئے کوئی پالیسی نہیں بنائی گئی ہے۔
موصوف صدر نے کہا کہ ہمارے سیاسی لیڈروں کو دلی میں ہونے والی میٹنگ میں یہ مسئلہ اٹھانا چاہئے۔
انہوں نے کہا: ‘دلی میں ایک اہم میٹنگ ہو رہی ہے جس میں اہم معاملات پر گفتگو ہوگی اس میں شرکت کرنے والے لیڈروں سے میں اپیل کرتا ہوں کہ وہ عارضی ملازمین کا مسئلہ بھی وہاں مرکزی سرکار کی نوٹس میں لائیں’۔
موصوف نے کہا کہ جب تک ان کو مستقل کیا جائے تب تک انہیں منیمم ویجز ایکٹ کے تحت لایا جائے اور ان کے لئے ایک خصوصی پیکیج کا اعلان کیا جانا چاہئے تاکہ وہ اپنے عیال کو پال سکیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS