اردن میں معطل رکن پارلیمنٹ اسامہ العجارمہ گرفتار

1
image:arabnews.com

دبئی: (یو این آئی) اردن میں معطل رکن پارلیمنٹ اسامہ العجامہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہیں پارلیمنٹ کی توہین کرنے،اس کے وقار کو ٹھیس پہنچانے کے الزام میں معطل کیا گیا تھا۔
اردن کے وزیر داخلہ مازن الفرایہ نے بتایا کہ ریاستی سیکیورٹی عدالت کے پراسیکیوٹر کی جانب سے جاری کردہ میمورنڈم کی بنیاد پرسیکیورٹی فورسز نے معطل رکن پارلیمنٹ اسامہ العجارمہ کو گرفتار کیا ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق العجارمہ کا معاملہ پچھلے مہینے میں اس وقت شروع ہوا جب اردن کی پارلیمنٹ نے ان کی رکنیت معطل کردی تھی۔ العجارمہ پرمبینہ طور پر پارلیمنٹ کی توہین،اس کے وقار،اس کی ساکھ،اس کے ممبروں اور پارلیمنٹ کے داخلی نظام پر تنقید کے بعد ان کی رکنیت معطل کردی گئی تھی۔
اس فیصلے میں کہا گیا تھا کہ العجارمہ پارلیمنٹ کے کام میں حصہ لینے سے محروم رہے گا۔ رکنیت کی معطلی کے عرصے کے دوران انہیں کسی قسم کی مالی مراعات بھی نہیں ملیں گی۔
مذکورہ رکن پارلیمنٹ کے حامیوں کے ایک گروپ نے اردن کے دارالحکومت کے مغرب میں ناعور کے علاقے میں ام البساتین کے مقام پر سیکیورٹی فورسز پرحملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں چار اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔ اس موقعے پر ایک گاڑی کو نذر آتش کردیا گیا تھا اور ہوائی فائرنگ بھی کی گئی تھی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS

Comments are closed.