بنگال میں ترنمول، آسام میں بی جے پی، کیرالہ میں بایاں محاذ کی اقتدار میں واپسی پڈوچیری میں این ڈی اے آگے
نئی دہلی (یو این آئی) :مغربی بنگال میں حکمراں ترنمول بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی کی جانب گامزن ہے، حالانکہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نندی گرام اسمبلی سیٹ سے انتخاب ہار گئیں، جبکہ آسام میں بی جے پی اور کیرالہ میں بائیں بازو کی جماعتیں اقتدار میں واپسی کرتی نظر آرہی ہیں۔ تمل ناڈو میں اے ایم اے ڈی ایم کے کو سخت ھچکا دیتے ہوئے ، ڈی ایم کے اقتدار حاصل کرنے کی جانب گامزن ہیں۔مرکز کے زیر انتظام علاقہ پڈوچیری میں 20 نشستوں کے نتائج آگئے ہیں ، جس میں این آر کانگریس نے 9 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے اور وہ ایک نشست پر آگے ہے۔مغربی بنگال میں 41 نشستوں کے نتائج آچکے ہیں اور مختلف جماعتیں 251نشستوں پر برتری حاصل کر رہی ہیں۔ ان میں سے ترنمول نے 34نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے اور وہ 177نشستوں پر برتری حاصل کررہی ہے ، جبکہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نندی گرام سیٹ پر سخت مقابلہ میں بی جے پی کے شیوندو ادھیکاری سے1957 ووٹوں سے ہار گئیں۔ بی جے پی نے 6 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے اور وہ 73 نشستوں پر برتری حاصل کررہی ہے اور اب تک آزاد امیدواروں کے کھاتے میں ایک نشست گئی ہے۔ٹولی گنج نشست پر ترنمول کے امیدوار اروپ وشواس نے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے بی جے پی کے امیدوار اور مرکزی وزیر بابل سپریو کو 50ہزار سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی۔کیرالہ میں 74نشستوں کے نتائج آچکے ہیں اور مختلف جماعتیں 66 نشستوں پر برتری حاصل کر رہی ہیں۔ مارکسی کی کمیونسٹ پارٹی نے 30نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے اور وہ 32نشستوں پر آگے ہے۔ ہندوستان کی کمیونسٹ پارٹی نے9 نشستیں حاصل کی ہیں اور8 میں برتری حاصل کی ہے۔ کانگریس کو 8 نشستیں ملی ہیں اور وہ 13نشستوں پر آگے ہے۔ انڈین یونین مسلم لیگ نے 10نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے اور وہ6 پر آگے ہے ۔
تمل ناڈو کی 234نشستوں میں سے 5 نشستوں کے نتیجے آچکے ہیں اور مختلف جماعتیں 229نشستوں پر برتری حاصل کر رہی ہیں۔ اے آئی اے ڈی ایم کے نے 2 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے اور وہ 73 پر آگے ہے، جبکہ ڈی ایم کے نے2 نشستیں حاصل کی ہیں، جبکہ 124پر آگے ہے۔ کانگریس نے اب تک ایک سیٹ جیت لی ہے اور 15پر برتری بنائے ہوئے ہے۔پڈوچیری میں 20نشستوں کے نتائج آ چکے ہیں اور مختلف جماعتیں 5 نشستوں پر برتری حاصل کئے ہوئے ہیں۔ ان میں سے آل انڈیا این آر کانگریس نے 9 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے اور وہ ایک نشست پر آگے ہے۔ بی جے پی اور ڈی ایم کے نے3 سیٹیں حاصل کیں اور 1-1 نشست پر برتری بنائے ہوئے ہے۔ آزاد امیدواروں نے3 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے اور وہ2 میں برتری حاصل کر رہے ہیں۔ کانگریس2 سیٹوں پر سمٹ کر رہ گئی ہے۔
آسام میں برسراقتدار بی جے پی نے 16نشستوں کے نتائج کا اعلان کیا ہے اور مختلف جماعتیں 110نشستوں پر برتری حاصل کررہی ہیں۔ بی جے پی نے 8 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے اور وہ 52میں آگے ہے۔ ریاست میں کانگریس کے 3 امیدوار جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور اس کے امیدوار 25نشستوں پر آگے ہیں۔