Image:outlookindia.com

اسٹالن کی بیٹی اورداماد کی رہائش گاہ پر انکم ٹیکس کاچھاپہ،ٹائمنگ پر اٹھے سوال
مدورئی، چنئی (ایجنسیاں) : وزیراعظم نریندرمودی نے جمعہ کوڈی ایم کے اور اس کی اتحادی کانگریس پرنشانہ لگایا اورکہا کہ یہ دونوں پارٹیاں کام نہ کرنے اور جو لوگ حقیقت میں کام کرتے ہیں، ان کے بارے میں جھوٹ پھیلانے کے فن میں ماہرہیں۔ مسٹر مودی نے ریاست میں6 اپریل کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے تعلق سے آج یہاں انتخابی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی زیرقیادت یوپی اے، جس کی اتحادی پارٹی ڈی ایم کے ہے ، نے جلی کٹوپرپابندی لگائی تھی، جبکہ تمل ناڈو کی اے آئی اے ڈی ایم کے حکومت اوربی جے پی کی زیرقیادت مرکز کی این ڈی اے حکومت نے اسے دوبارہ شروع کیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ ڈی ایم کے اورکانگریس کے پاس بات کرنے کیلئے کوئی حقیقی مدعا نہیں ہے ۔ ان لوگوں کو جھوٹ بولنا بندکرناچاہیے، کیونکہ عوام بیوقوف نہیں ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ کانگریس-ڈی ایم کے خود کو ایسا دکھارہے ہیں کہ تمل ناڈو کی ثقافت کے صرف وہی محافظ ہیں، لیکن حقیقت کچھ اورہے ۔
دریں اثنا انکم ٹیکس کے افسران نے جمعہ کو ڈی ایم کے کے صدر ایم کے اسٹالن کی بیٹی اورداماد کی رہائش گاہ پر چھاپے مارے۔ محکمہ انکم ٹیکس کے ذرائع نے بتایا کہ 25سے زائد افسران تمل ناڈو میں محترمہ سینتھامرے نیلانگرائی کی رہائش گاہ، دفتر اور رئیل اسٹیٹ فرم پر چھاپے جاری ہیں۔چھاپے کے دوران مرکزی نیم فوجی دستوں کے اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ انکم ٹیکس افسران نے مسٹراسٹالن کے داماد مسٹر سبریسن سے متعلق لوگوں کے ٹھکانوں، ڈی ایم کے کی آئی ٹی یونٹ کے ممبر کارتک موہن اور جی سکویئربالا کے ٹھکانوں پر بھی چھاپے مارے گئے ۔ساتھ ہی محکمہ انکم ٹیکس نے انّانگر سے ڈی ایم کے رکن اسمبلی ایم کے موہن کی رہائش گاہ پر چھاپے مارے ۔ ڈی ایم کے نے محترمہ سینتھامرے کی رہائش گاہ پر چھاپے مارے جانے کی سخت مذمت کی ہے ۔ ڈی ایم کے نے کہا ہے کہ یہ چھاپے مرکز کی بی جے پی کی زیر قیادت قومی جمہوری اتحاد حکومت کی جانب سے سیاست سے متاثر ہوکر مارے جارہے ہیں۔مسٹر اسٹالن نے ان چھاپوں کے تعلق سے وزیراعظم نریندرمودی کی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ مجھے چنئی واقع میری بیٹی کے گھرپر چھاپے مارے جانے کی اطلاع ملی ہے۔اریاوولر علاقہ میں انتخابی تشہیرکررہے مسٹراسٹالن نے کہاکہ وہ ان چھاپوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت اے آئی اے ڈی ایم کے حکومت کو بچارہی ہے ۔ میں مسٹر مودی سے کہناچاہتا ہوں کہ یہ ڈی ایم کے ہے ، یہ نہ بھولیے کہ میں کلی گنارکا بیٹاہوں۔انہوں نے کہاکہ میں اس سے ڈرنے والا نہیں ہوں۔ اس اسٹالن نے ایمرجنسی کے دوران میسا کو دیکھاہے ۔ وہ سوچتے ہیں کہ مجھے چھاپے سے ڈرا سکتے ہیں، یہ اے آئی اے ڈی ایم کے ، کے ساتھ ہوسکتا ہے، لیکن یہ ڈی ایم کے ساتھ نہیں۔ڈی ایم کے جنرل سکریٹری دورئیم روگن نے کہا کہ جب سیاسی جماعت اپنی انتخابی مہم مکمل کرنے والی ہے اور ووٹنگ کے دن کی تیاریوں میں مصروف ہے، تب محکمہ انکم ٹیکس محترمہ سینتھامرے کے گھر پر سیاسی انتقام کے جذبات سے چھاپے ماری کرارہی ہے ۔اس سے قبل ڈی ایم کے رکن اسمبلی ای وی ویلو کے تروونّاملائی کے ٹھکانوں پر6 مارچ کو چھاپے مارے گئے تھے ۔ ساتھ ہی ان کے کالج کیمپس میں بھی۔ اس چھاپوں کے دوران 3.5کروڑروپے ضبط کئے گئے تھے ۔
انکم ٹیکس کے چھاپے پر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے کہاکہ جب انتخابی ہارکا اندیشہ ہوتا ہے توبی جے پی کا تنتر اپوزیشن پرچھاپہ مارنے کے ہتھکنڈے اپنانے لگتا ہے۔ایسے وقت پر جب 4 ریاستوں اور ایک مرکز کے زیر انتظام ریاست میں اسمبلی انتخابات ہورہے ہیں، انکم ٹیکس کے افسروں کے چھاپے کی ٹائمنگ کو لے کر کانگریس کے لیڈر نے سوال اٹھایا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS