مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں، متعدد زخمی، درجنوں گرفتار
لندن: کورونا وبا کے پیش نظر عائد کردہ پابندیوں کے خلاف برطانیہ اور کئی یوروپی ممالک میں شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ برطانیہ اور جرمنی میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔ برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی کے باوجود احتجاج کرنے پر پولیس نے درجنوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔ کورونا وبا کی تیسری لہر کے دوران لاک ڈاؤن کے خلاف یوروپ کے دیگر ممالک آسٹریا، بیلجیم، کروشیا، فن لینڈ، پولینڈ، رومانیہ، سوئیڈن اور سوئٹزر لینڈ میں بھی مظاہرے کیے گئے۔ کیسل میں مظاہروں میں 20 ہزار سے زائد مظاہرین نے شرکت کی اس دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ کیسل کے مرکزی حصے میں مظاہرین نے عدالتی پابندی کے باوجود مظاہرہ کیا اور مظاہرین کی اکثریت نے کورونا وبا سے محفوظ رہنے کے لیے لازمی ماسک بھی نہیں پہنے تھے۔
جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق کچھ مظاہرین نے پولیس افسران اور صحافیوں پر حملے بھی کیے۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن کا بھی استعمال کیا۔ یوروپ کے کئی شہروں میں ہفتے کو کورونا پابندیوں کے خلاف احتجاج کی کال دی گئی تھی۔ خیال رہے کہ جرمنی میں حالیہ ہفتوں کے دوران کورونا کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور حکومت کی طرف سے اس سے نمٹنے کے لیے اگلے ہفتے نئی حکمت عملی کا اعلان کیا جائے گا۔ جرمن چانسلر اینگلا مارکل کا جمعے کو کہنا تھا کہ بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے پیش نظر نافذ کردہ پابندیوں میں حال ہی میں کی گئی نرمی کو واپس لینا ہو گا۔ جرمن حکام کا کہنا ہے کہ کورونا کے نئے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ جن کی اکثریت برطانیہ سے سامنے آنے والی کورونا کی نئی قسم کی ہے۔ جرمنی میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 26 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ اب تک 74 ہزار سے زائد افراد مہلک وبا سے ہلاک ہوئے ہیں۔
دوسری طرف برطانوی دارالحکومت لندن میں عائد کردہ لاک ڈاؤن کے خلاف مظاہرے ہوئے۔ اس دوران مظاہرین نے پولیس کی طرف سے خبردار کیے جانے کے باوجود احتجاج کیا۔ لندن میں مظاہرے 60 سے زائد برطانوی قانون سازوں کی طرف سے وزیرِ داخلہ پریتی پٹیل کو جمعے کو لکھے گئے خط کے بعد شروع ہوئے۔ جن میں قانون سازوں نے مطالبہ کیا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران مظاہروں کی اجازت دی جائے اور مظاہروں میں حصہ لینا جرم نہیں ہونا چاہیے۔ یوروپی ملک فن لینڈ، رومانیہ، آسٹریا اور سوئٹزرلینڈ میں بھی شہریوں نے کورونا پابندیوں کے خلاف احتجاج کیا۔
یوروپ: کورونا بندشوں کیخلاف لوگ سڑکوں پر
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS