Image:theprint.in

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی کے چیف ایڈوائزر یعنی مشیر پردیپ کمار سنہا نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق منگل کے روز یہ خبر سامنے آئی کہ پی کے سنہا نے چیف ایڈوائزر کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے، حالانکہ انھوں نے یہ استعفیٰ کب دیا، اس بارے میں مصدقہ طور پر کچھ سامنے نہیں آیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ آئی اے ایس 1977 بیچ کے افسر رہے سنہا کو ستمبر 2019 میں وزیر اعظم کے پرنسپل ایڈوائزر کے عہدہ پر تقرری ملی تھی۔ اس سے پہلے انھیں کچھ وقت کیلئے وزیر اعظم دفتر میں آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی تقرر کیا گیا تھا۔ وہ 4 سالوں تک کابینہ سکریٹری کی شکل میں بھی اپنی خدمات دے چکے ہیں۔پی کے سنہا نے 13 جون 2015 سے لے کر 30 اگست 2019 تک کابینہ سکریٹری کے طور پر کام کیا تھا۔
پی کے سنہا نے بجلی اور جہاز رانی وزارت میں سکریٹری کے طور پر بھی کام کیا ہے۔ علاوہ ازیں انھوں نے پٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت میں اسپیشل سکریٹری کی شکل میں بھی کام کیا ہے۔ بہر حال، اپنے استعفیٰ کے پیچھے کی وجہ پی کے سنہا نے ذاتی اسباب کو بتایا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پی کے سنہا وزیر اعظم دفتر کے دوسرے ایسے افسر ہیں جنھوں نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیا ہے۔ اس سے قبل وزیر اعظم دفتر میں چیف سکریٹری رہے نرپیندر مشرا نے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔ پی کے سنہا کے استعفیٰ پر حکومت کی جانب سے کوئی جانکاری نہیں دی گئی ہے اور نہ ہی کسی کا رد عمل سامنے آیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS