وھیل چیئر پرکیا 5کلو میٹر لمبا روڈ شو،زخمی شیرزیادہ خطرناک :ممتا
کولکاتا : ترنمول کانگریس کی سربراہ اور مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتابنرجی نے اتوار کی دوپہر وھیل چیئرپر تقریباً 5کلو میٹر لمبا روڈ شو کیا۔ نندی گرام میں زخمی ہونے کے بعد یہ ان کاپہلا انتخابی پروگرام تھا۔ اس دوران ممتا کے حامی ایک نعرہ لگاتے رہے ’بھنگ پائے کھیلا ہوبے‘(ٹوٹے پیر سے کھیلیں گے)۔ بنگال کی سیاست میں ان دنوں ’کھیلا ہوبے‘ لفظ کافی استعمال ہورہاہے۔ 10مارچ کو نندی گرام میں پرچہ نامزدگی کے بعد تشہیر کرتے وقت ممتا کے بائیں پیر، سر اور سینے میں چوٹ لگی تھی۔ بدلے حالات میں ممتاحامیوں نے نیا نعرہ تیار کرلیا۔ اس دوران ممتا نے بھی کہاکہ زخمی شیر زیادہ خطرناک ہوتاہے۔ وہیں اب بی جے پی نے چیف الیکشن افسر کو ایک مکتوب بھیجا ہے، جس میں بی جے پی کی جانب سے وزیراعلیٰ ممتابنرجی کی ٹریٹمنٹ ہسٹری(علاج کی تفصیل) عام کرنے کی مانگ کی ہے۔ بی جے پی نے لکھا ہے کہ حقیقت کو عام کرنا ضروری ہے، جس سے آگے اس طرح کی ڈرامہ بازی سے عوام کے ساتھ دھوکہ نہ ہوپائے۔
دوسری طرف پارٹی کے سینئر لیڈروںاور حامیوں کی بھیڑ کے ساتھ ممتا نے جنوبی کولکاتا کے میو روڈ پر گاندھی مورتی سے مارچ شروع کیا۔ ایک گھنٹہ جاری روڈ شو کے بعد ممتا نے ہزاروں کی بھیڑ کے ساتھ ریلی کی۔ انہوں نے کہاکہ مجھے روکنے کیلئے ناکام کوششیں کی گئیں۔ میں ٹی ایم سی کیلئے وھیل چیئر پر ہی پوری ریاست میں تشہیر کروں گی۔ میں نے اپنی زندگی میں کئی حملوں کا سامنا کیاہے، لیکن کبھی کسی کے سامنے خودسپردگی نہیں کی ہے۔ میں کسی بھی حال میں اور کبھی بھی اپنا سر نہیں جھکاؤں گی۔ ممتانے کہا کہ ڈاکٹروں نے صلاح دی تھی کہ میں آج تشہیر کیلئے نہ جاؤں، لیکن مجھے محسوس ہوا کہ یہ ریلی ضروری ہے۔ میری چوٹ کی وجہ سے ہم پہلے ہی کچھ دن گنوا چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وہ اپنی ریلیاں جاری رکھیں گی۔ روڈ شو سے قبل ممتا نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ہم اپنی لڑائی جاری رکھیں گے۔ ہم نڈر ہوکر لڑیں گے۔ اب بھی مجھے کافی درد ہورہاہے، لیکن لوگوں کا درد زیادہ محسوس کررہی ہوں۔ ہم نے اپنی زمین کی اس لڑائی میں بہت نقصان اٹھایاہے ، ہم اور بھی بہت تکلیف جھیلنے کیلئے تیارہیں، لیکن ہم پھر بھی لڑیں گے۔ ہم ڈرپوک لوگوں کے سامنے کبھی بھی نہیں جھکیں گے۔