حالت مستحکم،عوام سے امن وامان قائم رکھنے کی اپیل
کولکاتا (ایجنسیاں): مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ویڈیو میسیج جاری کرکے ترنمول کانگریس کے لیڈروں سے امن بنائے رکھنے کی اپیل کی ہے۔ ویڈیو میں انہوں نے بتایا کہ ان کے سر اور پیر میں بہت درد ہے۔آل انڈیا ترنمول کانگریس کے ٹوئٹر ہینڈل سے جاری ایک ویڈیو میں ممتا بنرجی نے کہا کہ میں اپنے بھائیوں، بہنوں سے امن وامان بنائے رکھنے کی اپیل کرتی ہوں۔ ممتا بنرجی نے کہاکہ ’میں ٹی ایم سی کارکنان اور سبھی لوگوں سے اپیل کرتی ہوں کہ امن اور صبر کو برقرار رکھیں۔ ایسا کچھ بھی مت کیجئے گا، جس سے عوام کو کسی بھی طرح کی تکلیف ہو اور قانون کی خلاف ورزی ہو‘۔ ایک منٹ 19 سیکنڈ کے ویڈیو میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ میں امید کرتی ہوں کہ آئندہ دو تین دن میں میں دوبارہ انتخابی تشہیری مہم کے کام میں لوٹ پاؤں گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے شاید پرولیا کی ریلی وہیل چیئر پر کرنی پڑے۔ اسے میں مینج کرلوں گی۔

واضح رہے کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی جو نندی گرام میں ہونے والے مبینہ حملے کے بعد کولکاتا کے ایک سرکاری اسپتال میں زیر علاج ہیں، اب ان کی حالت مستحکم ہے اور ڈاکٹر سی ٹی اسکین سمیت متعدد طبی ٹسٹ کرانے کا ارادہ کر رہے ہیں،تاکہ پائوں میں لگی چوٹ کی گہرائی کا اندازہ کیا جاسکے ۔ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے بائیں ٹخنوں اور پائوں کی ہڈیوں پر شدید چوٹیں پہنچیں ہیں۔اس کے علاوہ دائیں کندھے ، بازو اور گردن میں چوٹیں پائی گئیں۔ان کے بائیں ٹخنوں پر عارضی پلاسٹر لگایا گیا تھا اور آج صبح ان کے خون کے متعدد ٹیسٹ کروائے جارہے ہیں۔ ان کی ای سی جی کی رپورٹ ٹھیک تھی۔ بنرجی اب مستحکم ہیں۔ آئندہ 48گھنٹوں تک ان کی نگرانی ہوگی۔ سی ٹی اسکین کرایا گیاہے ۔ ہم پھر اس کا معائنہ کریں گے اور علاج کے اپنے اگلے طریقہ پر فیصلہ کریں گے۔ اب ان کا بخار ختم ہوگیا ہے۔ریاستی حکومت نے بنرجی کے علاج کیلئے9 رکنی ٹیم تشکیل دی اور ڈاکٹروں نے بدھ کی شام نندی گرم سے اسپتال لے جانے کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ کا ایکسرے کرایا۔ خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کل نندی گرام اسمبلی حلقے سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کیلئے نندی گرام میں تھیں۔ کل شام جب وہ مندر سے نکل رہی تھیں، اچانک مبینہ طور پر کچھ لوگوں نے ان پر حملہ کردیا، جس میں انہیں چوٹ پہنچیں ۔انہیں نندی گرام سے کوریڈور کے ذریعہ لایا گیا۔اس وقت سرکاری اسپتال ایس ایس کے ایم اسپتال میں زیر علاج ہیں ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS