وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کا مہلوکین کے اہل خانہ کو10-10 لاکھ اور وزیراعظم مودی کا 2-2 لاکھ روپے دینے کا اعلان
کولکاتا: مغربی بنگال کی راجدھانی کولکاتا میں اسٹرینڈ روڈ پر واقع مشرقی ریلوے کے دفتر کی 13 ویں منزل پر آگ لگنے سے کم از کم 9 لوگوں کی موت ہوگئی۔ آگ لگنے کا واقعہ پیر کی شام 6 بجکر 10 منٹ پر پیش آیا۔ مرنے والوں میں 4 فائر بریگیڈ کے اہلکار، 2 ریلوے ملازمین اور پولیس کا ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر شامل ہیں۔
مشرقی ریلوے کے ایک ملازم نے بتایا کہ 13 ویں منزل پر اکاؤنٹنگ آفس ہے۔ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے رات 10 بجکر 15 منٹ پر واقعہ کا معائنہ کیا اور مرنے والوں کے کنبے کو 10-10 لاکھ روپے اور کنبے کے ایک رکن کو سرکاری نوکری دینے کا اعلان کیا۔ اس دوران وزیراعظم نریندر مودی نے مہلوکین کے کنبوں کو 2-2 لاکھ روپے اور سنگین طور پر زخمیوں کو 50 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے ۔یہ امدادی رقم وزیراعظم قومی راحت فنڈ سے دی جائے گی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آتشزدگی میں لوگوں کی موت پر رنج کا اظہار کرتے ہوئے مودی نے منگل کو ایک ٹویٹ پیغام میں کہا کہ ’کولکاتا میں آگ لگنے کے حادثہ میں لوگوں کی زندگیوں کے نقصان سے غمزدہ ہوں۔ دکھ کی اس گھڑی میں مہلوکین کے کنبوں سے میری تعزیت۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا ہے۔‘
صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے بھی کولکاتا میں آتشزدگی کے سبب لوگوں کی اموات پر منگل کے روز رنج کا اظہار کیا۔ کووند نے آج ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’کولکاتا کی ایک عمارت میں آگ لگنے کے واقعہ پر ہوئے رنج کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ غمزدہ کنبوں کے تئیں میری گہری تعزیت۔ میں زخمیوں کے جلد شفاب ہونے کی تمنا کرتا ہوں۔‘ ریلوے کے وزیر پیوش گوئل نے آگ لگنے کے اسباب کا پتہ لگانے کے لئے اعلیٰ سطحی جانچ کے احکامات دیے ہیں۔
دریں اثنا مشرقی ریلوے کی نیو کو لا گھاٹ کی عمارت میں خوفناک آتشزدگی میں 9 افراد کی موت کے بعد بی جے پی اور ترنمول کانگریس کے درمیان لفظی جنگ تیز ہوگئی ہے۔مغربی بنگال اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی اس معاملے کولے کر ترنمول کانگریس کو گھیرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ ترنمول کانگریس کے دور حکومت میں ادارے ناکام ہوچکے ہیں اور محکمہ فائربریگیڈ کی ناکامی کی وجہ سے اتنے بڑے پیمانے پر اموات ہوئی ہے۔ بی جے پی مغربی بنگال کے شریک انچارج امیت مالویہ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’حکومت کو چاہیے کہ وہ محکمہ فائر بریگیڈ کو سازو سامان سے آراستہ کریں اور مناسب پروٹوکول دیں، پشی نے بنگال کوناکام بنایا ہے۔‘
بی جے پی کے الزام کا جواب دیتے ہوئے ریاستی وزیر برائے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز سوجیت بوس نے کہا کہ ’ہائیڈرولک سیڑھی لگانے سے لے کر بڑے پیمانے پر آگ پر قابو پانے تک ہمارے جوانوں نے ہر ممکن کوشش کی۔ یہ ریلوے ہے جو ہمیں 12 ویں منزل کے اندرونی نقشے کی فراہمی نہیں کی۔‘بوس نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بھگوا پارٹی ’انتخابی فوائد‘ کے لئے حادثہ پر سیاست کر رہی ہے۔وزیر اعلی ممتا بنرجی نے پیر کی رات جائے وقوع کا دورہ کیا تھا اور الزام لگایا تھا کہ ریلوے کے اعلیٰ عہدیدار موجود نہیں ہیں۔ یہ عمارت ریلوے کی ہے لیکن مجھے پتہ چل گیا ہے کہ اب تک ریلوے سے کوئی بھی موقع پر نہیں پہنچا۔ ہمارے محکمہ فائر بریگیڈ نے احاطے میں داخل ہونے کے لئے ان سے عمارت کا نقشہ طلب کیا لیکن ان لوگو ں نے کوئی تعاون نہیں کیا۔
،تاہم وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ میں اس معاملے میں سیاست کرنا نہیں چاہتی ہوں ۔پولیس نے بتایا کہ اس آتشزشگی میں محکمہ فائر کے چار اہلکار ، تین ریلوے اہلکا ر اور کلکت پولس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر سمیت 9افراد کی موت ہوئی ہے ۔وزیر ریلوے پیوش گوئل نے شہر کے وسطی کاروباری ضلع میں اسٹرینڈ روڈ پر واقع وسیع و عریض عمارت میں لگی آگ کی وجوہات معلوم کرنے کے لئے ایک اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
کولکاتا:ریلوے کے دفتر میں بھیانک آتشزدگی، 9 لوگوں کی موت
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS