طرح طرح کی سازش کا سہارا لے رہی ہے سرکار: کانگریس
نئی دہلی: کانگریس نے 3 نئے زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک کے 100دن پورے ہونے کے پس منظر میں ہفتہ کو سرکار پر ان داتائوں پر ’مظالم کرنے‘کا الزام لگایا اور دعویٰ کیا کہ سرکار اس تحریک کو عوامی بحث سے غائب کرنے کے لیے طرح طرح کے ہتھکنڈوں اور سازش کا سہارا لے رہی ہے۔ اہم اپوزیشن پارٹی نے ملک کے متوسط طبقہ سمیت سماج کے مختلف طبقوں سے کسانوں کی حمایت کرنے کی اپیل بھی کی اور یہ مطالبہ پھر دوہرایا کہ تینوں قوانین کو واپس لیا جانا چاہیے اور اس کے بعد کسان تنظیموں سے بات چیت کر کے نئے قوانین کی پیش رفت کی جانی چاہیے۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ ’ملک کی سرحد پر جان بچھاتے ہیں جن کے بیٹے، ان کے لیے کیلیں بچھائی ہیں دہلی کی سرحد پر۔ ان داتا مانگے ادھیکار، سرکار کرے اتیاچار!‘ پارٹی کے ترجمان پون کھیڑا نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’کسانوں کی تحریک کے 100 دن ہوگئے۔ ان 100 دنوں میں 250 سے زائد لوگوں کی موت ہوئی۔ اس دوران کسانوں کو بے عزت کیا گیا لیکن بڑی تعداد میں کسان اب بھی بیٹھے ہوئے ہیں۔ وہ سرکار کے اس فون کال کا انتظار کر رہے ہیں جس کا وعدہ وزیراعظم نے کیا تھا۔‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’تحریک روز بروز بڑھ رہی ہے لیکن خبروں سے غائب ہے۔ بحث سے اس تحریک کو غائب کرنے کے لیے سرکار کئی ہتھکنڈے اپنا رہی ہے اور سازش کر رہی ہے۔‘
کھیڑا نے کہا کہ ’کسانوں کی حمایت ہمیں اس لیے بھی کرنا چاہیے کیونکہ وہ اس کام کو کر رہے ہیں جو ہم اپنی زندگی کی آپا دھاپی میں نہیں کر پا رہے ہیں۔ کسانوں نے متوسط طبقہ اور سبھی طبقوں کی جد و جہد کو سڑکوں پر لا دیا ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’کسانوں کو سرکار سے امید نہیں ہے لیکن ملک سے امید ہے۔ اگر لوگ خاموش حمایت بھی دیں گے تو ملک کا بہت بھلا ہوگا۔‘ واضح رہے کہ گزشتہ 100 دنوں سے دہلی کی مختلف سرحدوں پر کئی کسان تنظیمیں مظاہرے کر رہے ہیں۔ ان کا مطالبہ تینوں نئے زرعی قوانین کو واپس لینے اور کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کی گارنٹی والا قانون بنانے کا ہے۔ دوسری جانب سرکار نے تینوں قوانین کو زرعی اصلاحات کی سمت میں بڑا قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے کسانوں کو فائدہ ہوگا اور اپنی پیداوار فروخت کرنے کے لیے ان کے پاس کئی متبادل ہوں گے۔
کسان تحریک کو عوامی بحث سے غائب کرنے کیلئے مختلف ہتھکنڈے
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS