جموں وکشمیر: بس سٹینڈ آئی ای ڈی برآمدگی کیس میں ‘البدر’ کے او جی ڈبلیو گرفتار

0

جموں: جموں و کشمیر پولیس نے جموں بس سٹینڈ میں حالیہ آئی ای ڈی برآمدگی کے کیس کے سلسلے میں البدر نامی جنگجو تنظیم کے ایک بالائی زمین ورکر یا او جی ڈبلیو کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس نے گرفتار شدہ ‘او جی ڈبلیو’ کی شناخت ضلع پلوامہ کے رہنے والے راہ حسین بٹ ولد عبدالرشید بٹ کے طور پر ظاہر کی ہے اور ان پر جموں میں آئی ای ڈی دھماکہ کرانے کی سازش رچانے والے پاکستانی ہینڈلرز کے راست رابطے میں ہونے کا الزام لگایا گیا ہے۔
جموں زون پولیس کے انسپکٹر جنرل کے آفیشل ٹوئٹر پر اتوار کو ایک ٹوئٹ میں کہا گیا: ‘جموں بس اسٹینڈ میں سہیل بشیر سے آئی ای ڈی کی برآمدگی کے کیس کے سلسلے میں راہ حسین بٹ ولد عبدالرشید بٹ ساکنہ بٹہ باغ ہونی پورہ نہامہ پلوامہ کو گرفتار کیا گیا ہے’۔
ایک اور ٹوئٹ میں کہا گیا: ‘وہ البدر نامی جنگجو تنظیم کا او جی ڈبلیو اور محرک ہے۔ وہ البدر کے جنگجوئوں کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کی سازش میں ملوث ہے۔ وہ جموں میں آئی ای ڈی دھماکہ کرانے کی سازش رچانے والے پاکستانی ہینڈلرز کے راست رابطے میں تھا’۔
بتادیں کہ پولیس نے 14 فروری کو پلوامہ حملے کی دوسری برسی کے موقع پر جموں بس اڈے سے 7 کلو وزنی آئی ای ڈی برآمد کرنے اور اس سلسلے میں نیوا پلوامہ کے رہنے والے سہیل بشیر شاہ کو گرفتار کرنے کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS