آزادی کے بعد ملک کی تاریخ میں پہلی بار شبنم نامی خاتون کو ہوگی پھانسی

0
Image:english.newstracklive

مرادآباد(پرویز ناظم؍ایس این بی):مرادآباد ڈویژن کے تحت امروہہ ضلع کی تحصیل حسن پور کے گائوں باون کھیڑی کی رہنے والی شبنم نامی خاتون کو پھانسی دیے جانے کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں۔شبنم کو ملک کی ایسی خاتون کے طور پر جانا جائے گا کہ آزاد ملک میں پھانسی کی سزا پانے والی وہ ملک کی پہلی خاتون ہوگی۔ شبنم پر اپنے عاشق سلیم کے ساتھ مل کر اپنے ہی گھر کے 7افراد کو قتل کردیے جانے کا الزام ہے۔غور طلب ہے کہ 14اپریل 2008کی رات میں شبنم نے اپنے عاشق کے ساتھ مل کر اپنے گھر کے7افراد کو جان سے ماردیا تھا۔ موبائل کا ل کے ذریعہ اس سنسنی خیز اجتماعی قتل عام کا پردہ فاش کیا گیاتھا۔ سلیم اور شبنم نے اپنے گناہوں کا اقبال جرم بھی کیا تھا۔ دونوں کو گرفتار کرکے جیل روانہ کردیا گیا تھا بعد میں شبنم نے جیل کے اندر ایک بیٹے کو جنم دیا تھا جو اب تقریباً15سال کا ہوگا۔اسے مرادآباد کے ایک شخص نے قانونی طور پر گود لے لیا تھا۔مقامی عدالت سے اسے پھانسی کی سزا سنائی گئی تھی جسے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا لیکن ہائی کورٹ نے مقامی عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے رٹ خارج کردی تھی اسی طرح سپریم کورٹ سے بھی رٹ خارج ہوگئی۔شبنم کے وکیل کے ذریعہ صدر جمہوریہ سے رحم کی اپیل کی گئی جس میں پھانسی کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کئے جانے کی اپیل کی گئی تھی ۔صدر جمہوریہ نے بھی رحم کی اپیل کو رد کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپنی مہر لگادی۔ اس کے بعد شبنم کو پھانسی دیے جانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ حالانکہ ابھی پھانسی دیے جانے کی تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے۔ ڈیتھ وارنٹ ملنے کے بعد تیاریوں کو آخری شکل دی جائے گی۔یاد دلاتے چلیں کہ یوپی کی متھرا جیل میں سال1870کو خاتون پھانسی گھر کا قیام عمل میں لایا گیاتھا لیکن آزادی کے73سال میں پورے ملک میں کسی خاتون کو پھانسی نہیں دی گئی ہے۔ملک کے مشہور زمانہ نربھیا قتل واقعہ کے چار ملزمان کو پھانسی کے پھندے پر لٹکانے والا میرٹھ پون جلاد اب امروہہ کی شبنم کو پھانسی دینے کے لیے تیار ہے۔ پون جلاد نے کچھ ماہ قبل متھرا جیل کا دورہ بھی کیاتھا جہاں اسے کچھ خامیاں دکھائی دی تھیں جن کو درست کرایا گیا ہے۔یہ بھی قابل ذکر ہے کہ 6اپریل1998کو متھرا جیل میں لکھنؤ کی رام شری کو پھانسی دینے کی تیاریاں تھیں لیکن جیل میں بچے کی پیدائش ہونے کے سبب رام شری کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا گیاتھا۔آخری لمحات میں اگر کوئی رکاوٹ نہیں آئی تو باون کھیڑی امروہہ کی شبنم پھانسی کے پھندے پر لٹکنے والی آزاد ملک کی پہلی خاتون ہوگی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS