نئے حوصلہ افزا پیکیج کی ضرورت نہیں، پرانے پیکیج کو پہلے خرچ کیے جانے کی ضرورت:بمل جالان

0

ریزرو بینک آف انڈیا(آر بی آئی) کے سابق گورنر بمل جالان کا ماننا ہے کہ وبا سے متاثرہ معیشت کوبحال کرنے کے لیے کوئی نیا حوصلہ افزا پیکیج دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بجائے یہ زیادہ اہم ہو گا کہ سرکار پہلے جس پیکیج کا اعلان کر چکی ہے، اسے خرچ کیا جائے۔ 
جالان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’میرا ماننا ہے کہ مالیاتی حوصلہ افزائی پہلے ہی کی جا چکی ہے۔ آپ پہلے جو اعلان کر چکے ہیں اسے خرچ کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ مختلف اعلانات پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ مالیاتی خسارہ کے ہدف کو پھر بڑھانے سے زیادہ اہم ہے۔‘ سرکار نے کووڈ19- وبا سے متاثرہ معیشت کو بحال کرنے کے لیے مئی میں 20لاکھ کروڑ روپے کے ’آتم نربھر بھارت‘ پیکیج کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’اگر آپ نے پہلے سے اعلان کردہ سبھی وسائل خرچ کر دیے ہیں تو اس کے بعد مالیاتی خسارہ کو بڑھایا جانا چاہیے۔‘ ابھی تک سرکار 3 دور کے حوصلہ افزا پیکیجز کا اعلان کر چکی ہے۔ اقتصادی امور کے سیکریٹری ترون بجاج نے حال میں کہا تھا کہ وزیر خزانہ نرملا سیتارمن جلد اگلے دور کے حوصلہ افزا پیکیج کا اعلان کریں گی۔ 
ملک کی وسیع اقتصادی صورتحال پر ایک سوال کے جواب میں جالان نے کہا کہ کووڈ19- کا اقتصادی سرگرمیوں پر منفی اثر پڑا ہے لیکن اب ہندوستانی معیشت از سر نو بحالی کی راہ پر ہے۔ مرکزی بینک کے سابق گورنر نے کہا کہ ’ایسی توقع ہے کہ نوکریوں اور نمو میں جو نقصان ہوا ہے، اس کی تلافی 2021 کے اواخر تک ہو جائے گی۔‘ انہوں نے کہا کہ اگر اگلے کچھ ماہ کے دوران کووڈ19- کا بحران پھر شروع نہیں ہوتا ہے تو 2021-22 میں یقینی طور پر معیشت کی حالت میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2021-22 میں شرح نمو 6 سے 7 فیصد رہ سکتی ہے۔ حالانکہ اس کے ساتھ جالان نے کہا کہ ’اس کے لیے ہمیں انتظار کرنا ہوگا۔ دیکھنا ہوگا کہ کووڈ19- کا بحران مزید تو نہیں بڑھتا ہے۔‘ 
ریزرو بینک کا اندازہ ہے کہ رواں مالی سال میں ہندوستانی معیشت میں 9.5 فیصد کی گراوٹ آئے گی۔ وہیں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور ورلڈ بینک نے ہندوستانی معیشت میں بالترتیب 10.3 فیصد اور 9.6 فیصد کی گراوٹ کا اندازہ لگایا ہے۔ جالان نے کہا کہ سرکار نے وبا سے متاثرہ معیشت کی حوصلہ افزائی کے لیے پالیسیوں کا اعلان کر کے اہم کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے سامنے اہم موضوع پالیسیوں پر عمل درآمد کا ہے۔ 
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS