جموں کشمیر سرکار کا اہم فیصلہ،48 سال کی عمر کو پہنچنے پر ملازمین کو ریٹائر کیا جائے گا!

    0

    سرینگر(صریر خالد،ایس این بی):جموں کشمیر سرکار نے آج ایک اہم اقدام کے تحت اپنے ملازمین کو 60سال کی بجائے محض 48سال کی عمر یا مستقل ملازمت کے  22 سال مکمل کرنے پر ریٹائر کرنے سے متعلق قوانین ضوابط میں ترمیم کی۔ اس حوالے سے ایک باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہوا ہے جس میں اس دھماکہ دار فیصلے کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ سرکار نے اس بات کو اپنے اختیار میں رکھا ہے کہ وہ چاہے تو 48سال کی عمر کو پہنچنے والے کسی بھی ملازم کو فارغ کرسکتی ہے۔
    سرکار کے محکمۂ خزانہ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ لیفٹننٹ گورنر(ایل جی)نے انہیں حاصل اختیارات کے تحت جموں کشمیر میں سرکاری ملازمین کے قواعد و ضوابط میں ترمیم کی ہے جسکی رو سے کسی بھی ملازم کو 48 سال کی عمر کو پہنچنے یا مستقل ملازمت کے 22سال مکمل کرنے پر ملازمت سے فارغ کیا جاسکتا ہے۔ تاہم ایسے ملازم کو پنشن کی سبھی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ فی الوقت جموں کشمیر میں سرکاری ملازمین کی سبکدوشی کی عمر مرکزی سرکار کے ملازمین کے ہم پلہ 60 سال ہیں اور پوری پنشن کا فائدہ پانے کیلئے 33سال کی مستقل ملازمت ہونا لازمی ہے۔ سرکار نے تاہم ان دونوں حدود میں کمی کرتے ہوئے اپنے ملازمین کو جلد فارغ کرنے کا راستہ ہموار کردیا ہے۔
    نوٹیفکیشن میں تفصیل کے ساتھ وہ طریقہ بھی بتایا گیا ہے کہ جو سبکدوشی کیلئے طے کئے جانے والے ملازمین کو لیکر اختیار کیا جائے گا تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اس فیصلے کے اصل محرکات کیا ہیں۔ حالانکہ جموں کشمیر میں عرصہ سے یہ افواہیں اُڑ رہی تھیں کہ بے روزگاری کو ختم کرنے اور سرکاری ملازمین میں نئی اسامیاں پیدا کرنے کیلئے موجودہ ملازمین کی سبکدوشی کی آخری عمر کو  60  سال سے گھٹا کر 58سال کیا جائے گا اور اُن سبھی ملازمین کو اُنکی عمر کا لحاظ کئے بغیر فارغ کیا جائے گا کہ جنہوں نے ملازمت کے  33سال مکمل کر لئے ہوں۔
    تازہ سرکاری فیصلے کو لیکر چمہ گوئیاں شروع ہوگئی ہیں تاہم رپورٹ فائل کئے جانے تک کوئی باضابطہ ردِ عمل سامنے نہیں آیا تھا۔ایک ملازم لیڈر نے یہ کہتے ہوئے تبصرہ کرنے سے انکار کیا کہ ابھی انہوں نے نوٹیفکیشن کی تفصیلات نہیں دیکھی ہیں۔ انہوں نے کہا ’’میں بھی سرسری سنا ہے کہ ایک نوٹیفیکیشن جاری ہوا ہے،پہلے ہم اس کی تفصیلات جانیں گے اور تب ہی کوئی ردِ عمل ظاہر کرسکیں گے‘‘۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS