یوپی:پولیس نے راہل گاندھی ،پرینکا گاندھی واڈرا کے قافلے کو روکا، پیدل ہاتھرس کے لئے روانہ

0

نوئیڈا:اترپردیش کے ضلع ہاتھرس میں درندگی کی شکار دلت متاثرہ کے اہل خانہ سے ملنے جارہے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کے قافلے کو پولیس نے پری چوک علاقے میں روک دیا جس کے بعد دونوں لیڈر پیدل ہی ہاتھرس کے لئے چل پڑے۔
ہاتھرس یں اجتماعی عصمت دری اورحیوانیت کی شکارمتاثرہ کی منگل کو دہلی کے صفدر گنج اسپتال میں موت ہوگئی تھی جس کے بعد ہاتھرس ضلع انتظامیہ نے اہل خانہ کی مخالفت کے باجود  بدھ کی درمیانی شپ تقریبا ڈھائی بجے  ان کے آخری رسو م کی ادائیگی کر دی تھی۔
کانگریس نے اس ضمن میں سخت احتجاج کرتے ہوئے بدھ کو ریاست گیر احتجاجی مظاہرہ کیا تھا و محترمہ واڈرا نے فون پر متاثرہ کے اہل خانہ سے بات کی تھی۔ اسی ضمن میں جمعرات کو پرینکا اور راہل اپنے قافلے کے ساتھ ہاتھرس میں متاثرہ کے اہل خانہ سے ملاقات کے لئے نکلے تھے لیکن ان کے قافلے کو گریٹر نوئیڈا پولیس نے روک لیا۔جس کے بعد وہ پیدل ہی ہاتھرس کے لئے روانہ ہوگئے۔
پارٹی کے میڈیا کوآرڈینیٹر للن کمار نے بتایا کہ پرینکااورراہل ہاتھرس متاثرہ کےاہل خانہ سے ملاقات کرنے جارہے تھے پولیس نے ان کے قافلے کو پری چوک علاقے میں ہی روک دیا ۔یمنا ایکسپر پر روکے جانے کےبعد پرینکا اور راہل پیدل ہی ہاتھرس کے لئے چل پڑے۔حالانکہ وہاں سے ہاتھرس کی دوری تقریبا 142کلو میٹر ہے۔
قافلے میں اترپردیش کانگریس صدر اجے کمار للو سمیت دیگر سینئر لیڈروں کے ساتھ بڑی تعداد میں کانگریس کارکنان چلچلاتی دھوپ میں ساتھ چل رہے ہیں۔قافلے کو روکنے کی کوشش میں پولیس سے معمولی جھڑپ بھی ہوئی لیکن قافلہ آگے بڑھ گیا۔
 اس دوران محترمہ واڈرا نے میڈیا نمائندوں سے کہا کہ اترپردیش میں نظم ونسق تباہ ہوچکا ہے۔ لڑکیوں اورخواتین پر آئے دن مظالم ڈھائے جارہے ہیں لیکن بے حس یوگی حکومت خاطیوں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کررہی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS