ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما نے رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایشان کشن کو سپر اوور میں بلے بازی کے لئے نہ بھیجنے کے سوال کے درمیان اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایشان تھک چکے تھے اور اسی وجہ سے سپر اوور میں بیٹنگ کے لئے نہیں بھیجے گئے۔
ممبئی کو جیت کے لئے بنگلور نے 202 رنز کا ہدف دیا تھا۔ مضبوط ہدف کے تعاقب میں انہوں نے آغاز اچھا نہیں کیا اور 39 رن پر تین وکٹیں گر گئیں۔ ایشان نے پھر کیرون پولارڈ کے ساتھ اننگز سنبھالی اور دونوں نے زبردست بیٹنگ کی۔ ایشان نے 58 گیندوں میں دو چوکوں اور نو چھکوں کی مدد سے 99 رنز بنائے جبکہ پولارڈ ناٹ آؤٹ 60 رنز بناسکے۔ لیکن ایشان 20 ویں اوور کی پانچویں گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ ممبئی کو آخری گیند پر پانچ رن کی ضرورت تھی اور پولارڈ نے ایک چوکا لگایا اور میچ برابر رہا۔ اس کے بعد میچ کا فیصلہ ایک سپر اوور میں ہوا جہاں ممبئی ہار گیا۔
ایشان سپر اوور کے دوران پیڈ پہنے میدان پر بیٹھے رہے اور اپنی سخت محنت کے باوجود ٹیم کے ہارنے کے بعد مایوسی ان کے چہرے پر صاف نظر آئی ۔ میچ کے بعد یہ سوال پیدا ہو رہا تھا کہ ایشان کی جگہ ہاردک پانڈیا کو سپر اوور میں کیوں بھیجا گیا جو اب تک فلاپ ثابت ہوئے ہیں ۔
ہاردک پانڈیا کو سپر اوور میں ایشان کی جگہ بھیجنے پر کپتان نے کہا کہ ایشان تھک چکے تھے اور اچھا محسوس نہیں کر رہے تھے ۔ ہم نے انہیں بھیجنے کا سوچا لیکن وہ تازہ دم نہیں تھے۔ ہاردک لمبے لمبے شاٹس لے سکتے ہیں اور ہمیں اعتماد تھا کہ وہ کھیل کو ہماری طرف موڑ دیں گے ۔ آپ کو سات رنز کے اسکور کا دفاع کرنے کے لئے بھی قسمت کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہم ایک وکٹ چاہتے تھے لیکن بدقسمتی سے ایک باؤنڈری چلی گئی۔
ایشان کو تھکن کے باعث سپر اوور میں نہیں اتارا: روہت
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS