نئی دہلی (ایس این بی) دہلی فسادات معاملے میں غیر قانونی سرگرمی روک تھام قانون (یو اے پی اے ) کے تحت گرفتار طالبہ گلفشاں فاطمہ نے کڑ کڑ ڈوما کورٹ میں جیل افسروں پر الزام لگایا کہ وہ اس کے خلاف فرقہ وارانہ فقرے کستے ہیں اور اسے ذہنی اذیت دے رہے ہیں۔ وہ اگر اس کے سبب وہ خود کو کوئی نقصان پہنچاتی ہے تو اس کے لئے جیل افسر ذمہ دار ہوں گے۔ طالبہ گلفشاں فاطمہ نے عدالت کے سامنے یہ الزام اس وقت لگایا جب اس سے جڑے معاملے میں اسے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ایڈیشنل سیشن جج امیتابھ راوت کے سامنے پیش کیا گیا۔فاطمہ نے کہاکہ جب سے اسے یہاں لایا گیا ہے ،مسلسل جیل ملازمین کے ذریعہ اس کے ساتھ جانب داری برتی جارہی ہے۔ اس نے عدالت کے سامنے کہا کہ اسے تعلیم یافتہ دہشت گرد کہہ کر پکارا جاتا ہے اور فرقہ وارانہ طنز اس پر کسا جاتا ہے ۔اس نے کہا کہ وہ یہاں ذہنی استحصال کا سامنا کر رہی ہے۔ اس نے کہا کہ اگر وہ خود کو کوئی نقصان پہنچاتی ہے تو اس کے لئے صرف جیل افسر ذمہ دار ہوں گے۔گلفشا فاطمہ کے براہ راست عدالت میں اپنی دلیل دینے پر جج راوت نے اس کے وکیل کو اس بارے میں ایک عرضی داخل کرنے کے لئے کہا ہے۔