مرکز کی بہار کو709کروڑروپے کی سوغات

0

پٹنہ ( یو این آئی )
 وزیراعظم نریندر مودی نے بہار میں اس سال ہونے والے اسمبلی انتخاب کے اعلان سے قبل قریب 709کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھ کر بہار اور مشرقی ہندوستان کی ترقی کیلئے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہاکہ وہ طویل عرصے سے یہ کہتے آرہے ہیں کہ جب تک اس علاقے کی ترقی نہیں ہوگی، تب ہندوستان ترقی یافتہ ملک نہیں بن سکتا ہے۔ مسٹر مودی نے درگا پور سے بانکا کے مابین 634کروڑروپے کا پی ایل جی پائپ لائن منصوبہ ، مشرقی چمپارن کے سگولی میں 164کروڑ روپے اور بانکا میں 14کروڑ روپے کے ایل پی جی باٹلنگ پلانٹ کا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سے افتتاح کرنے کے بعد کہاکہ مشرقی ہندوستان میں نہ تو صلاحیت کی کمی ہے اور نہ ہی وسائل کی۔ اس کے باوجود مشرقی ہندوستان اور بہار دہائیوں سے پیچھے رہ گئے، لیکن ملک او رمشرقی ہندوستان اس دور سے باہر نکل گیا ہے، جب ایک نسل کام شروع ہوتے اور دوسری نسل اسے پورا ہوتے دیکھتی تھی۔ وزیراعظم نے کہاکہ ان کی حکومت بہار اور مشرقی ہندوستان کی ترقی کیلئے پابند عہد ہے۔ وہ طویل عرصے سے کہہ رہے تھے کہ ہندوستان تب تک ترقی یافتہ ملک نہیں بن سکتا ہے، جب تک کہ بہار اور ہندوستان کے مشرقی علاقوں میں ترقی کویقینی نہیں بنایاجاتا۔ انہوں نے کہاکہ کروڑوں روپے کے منصوبوں کو پورا ہونے کے بعد بہار کی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے میں مدد ملے گی اور بڑی تعداد میں مقامی افراد کو روزگار ملے گا۔ مسٹر مودی نے کہاکہ ایل پی جی سے متعلق منصوبوں کے پورا ہونے کے بعد بہارمیں گیس پر مبنی معیشت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ کورونا وبا کے مشکل دور میں ریاست کے لوگوں نے سخت محنت کی اور اس وجہ سے بہار میں ترقی کی رفتار مسلسل بنی رہی جو حقیقی معنوں میں قابل تعریف ہے۔
مسٹر مودی نے کہاکہ ان کی حکومت شروع کئے گئے منصوبوں کاکام وقت مقررہ پر پورا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہاکہ نئے ہندوستان اور نئے بہار میں اسی ورک کلچر کو ہمیں اور مضبوط کرنا ہے ، یقینی طور پر وزیراعلیٰ نتیش کمار کااس میں بہت اہم کردار ہے۔وزیرعظم نے کہاکہ وزیر اعظم اجولا منصوبہ کے تحت 8 کروڑ غریب کنبوں کو رسوئی گیس کا کنکشن دستیاب کرایاگیا ہے۔ رسوئی گیس کا کنکشن مل جانے سے کورونا مدت میں ایسے لوگوں کوکافی راحت ملی ہے، نہیں تو انہیں ایندھن کیلئے جلاون اکٹھاکرنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا۔ پہلے جن کنبوں میں رسوئی گیس کا کنکشن ہوتا تھا، انہیں سماج کا باعزت طبقہ سمجھا جاتا تھا، لیکن ان کی حکومت نے غریبوں کو بھی یہ سہولیات مہیا کرادی ہے۔مسٹر مودی نے بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ان کی حکومت نے بہار کے قریب سبھی شعبوں کا منظر نامہ بدلنے کیلئے کئی ضروری اقدامات کئے ہیں۔ 
انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ مسٹر کمار کی کوششوں کا ہی نتیجہ ہے کہ ریاست میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی ( آئی آئی ٹی ) انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ ( آئی ٹی آئی)، مرکزی یونیورسٹی اور چانکیہ لا یونیورسٹی جیسے معیاری تعلیم کے اداروں کا قیام عمل میں آسکا۔ آج بہار میں پالی ٹیکنک اداروں کی تعداد پہلے کے مقابلے 3 گنا زیادہ ہوگئی ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ سابقہ حکومت کی مدت کار میں بہار کے شہری علاقوں میں لوگوں کو محض 10گھنٹے کی بجلی کی سپلائی ہوپاتی تھی، گاؤں میں تو بجلی کا نظم ہی نہیں تھا۔ لیکن وزیراعلیٰ نتیش کمار کی کوششوں سے ریاست میں بجلی کی حصولیابی میں نہ صرف تیزی سے سدھار ہواہے، بلکہ ریاست میں بجلی کھپت میں بھی کئی گنا اضافہ ہواہے ۔
 انہوں نے کہاکہ گزشتہ 15سال میں بہار نے یہ دیکھا ہے کہ اگر صحیح حکومت ہو ، صحیح فیصلے لئے جائیں اور واضح پالیسی ہوتو ترقی ہوتی ہے اور یہ سبھی افراد تک پہنچتی ہے ۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS