ریلوے 12 ستمبر سے 80 نئی پسنجر ٹرینیں چلائے گی

0

نئی دہلی (ایجنسیاں)
 12 ستمبر سے 80 نئی اسپیشل ٹرینیں شروع کی جائیں گی۔ ان کے لئے بکنگ 10 ستمبر سے شروع ہوگی۔ ریلوے بورڈ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) ونودکمار یادو نے بتایا کہ ان ٹرینوں کو پہلے سے چل رہی 230 ٹرینوں کے علاوہ چلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 11اور 12ستمبر کی نصف شب سے 40 جوڑی خصوصی ٹرینیں یعنی 80گاڑیوں کو شروع کی جارہی ہیں۔ اس طرح سے خصوصی گاڑیوں کی تعداد 310ہوجائے گی۔ 230ٹرینیں پہلے سے ہی چل رہی ہیں۔انہوں نے یہ بھی بتایاکہ ان 80گاڑیوں کے تعین میں مزدور اسپیشل گاڑیوں کے راستوں کا دھیان رکھا گیا ہے۔ ایسا دیکھنے میں آیا ہے کہ جومزدور کووڈ-19کی وجہ سے شہر چھوڑ کر گھر گئے تھے، وہ اب واپس لوٹ رہے ہیں۔ نئی گاڑیوں سے انہیں واپس کام کی جگہ پر پہنچنے میں آسانی ہوگی۔
مسٹر یادو نے بتایا کہ ریلوے بورڈ ان سبھی ٹرینوں میں بکنگ کی صورتحال کا بہت ہی باریکی سے جائزہ لے رہا ہے ۔ مسافروں کو زیادہ سہولت دینے کے عزم کا اظہار کرنے کے ساتھ ریلوے نے یہ بھی طے کیا ہے کہ اگر کسی مارگ پر کسی ٹرین میں اگلے 7 سے لے کر 10 دنوں تک بکنگ میں ویٹنگ لسٹ ہورہی ہے تو ریلوے اس گاڑی کی ایک کلون ٹرین چلائے گی۔ یہ ڈپلی کیٹ گاڑی اصل گاڑی سے پہلے روانہ کی جائے گی اور اس کے رکنے کے اسٹیشن بھی کم ہوں گے ۔
 واضح رہے کہ وزارت ریلوے نے پہلے کئی شرمک اسپیشل ٹرینیں چلائی تھیں اور اس کے بعد اسپیشل ٹرین خدمات کی شروعات کی تھی۔ کورونا وبا کی وجہ سے فی الحال سبھی ٹرینیں بند ہیں اور صرف 230 اسپیشل ٹرینیں ہی چلائی جارہی ہیں۔ ریلوے بورڈ کے چیئرمین کے مطابق اسپیشل ٹرینوں کی آمدورفت کی نگرانی کی جائے گی اور جہاں بھی ٹرین کی مانگ زیادہ ہوگی یا ویٹنگ لسٹ طویل ہوگی ، وہاں کلون ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ امتحانات کیلئے یا ایسے ہی کسی مقصد کیلئے ریاستی حکومتوں کے ذریعہ اپیل کئے جانے پر ٹرینوں کو چلایا جائے گا۔ریلوے نے اسٹیشن کیمپس میں سفر کے دوران بھی فیس ماسک پہننا لازمی کردیا ہے۔ اسٹیشن پر تھرمل اسکریننگ سے گزرنے کیلئے سبھی مسافروں کو کم سے کم 90 منٹ پہلے اسٹیشن پر پہنچنا ہوگا،جن لوگوں میں کورونا کی کوئی علامت نہیں نظر آئے گی ، انہیں ہی ریلوے محکمہ اسپیشل ٹرین میں سفر کرنے کی اجازت دے گا۔ اس کے علاوہ سبھی کو سماجی فاصلہ کا خاص خیال رکھنا ہوگا۔ مسافروں کو اپنے موبائل پر آروگیہ سیتو ایپ بھی انسٹال کرنا ہوگا۔ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے ریلوے مسافروں کو تکیہ ، کمبل اور پردے جیسی چیزیں دستیاب نہیں کرا رہا ہے۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS