شادی کی عمر اور خواتین کی صحت کا تعلق کس طرح ہے؟

0

نئی دہلی:یوم آزادی تقریر کے دوران ، وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا، "ہم نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ بیٹیاں اب غذائیت کی کمی میں مبتلا نہیں ہوں گی اور ان کی شادی صحیح عمر میں ہو سکے۔ جیسے ہی یہ رپورٹ پیش کی جائے گی ، بیٹیوں کی شادی کی عمر کے بارے میں مناسب فیصلے کیے جائیں گے۔
اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ لڑکیوں کی شادی کی کم از کم عمر فی الحال 18 سے بڑھا کر 21 کردی جاسکتی ہے۔

کم عمری کی شادی کتنی مقبول ہے؟

اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ہندوستان میں زیادہ تر خواتین 21 سال کی عمر کے بعد ہی شادی کرتی ہیں۔  رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شادی میں خواتین کی اوسط عمر 22 سال ہے ، اور تمام ریاستوں میں 21 سے زیادہ ہے۔
اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ  نابالغ بچیوں کی شادیاں ختم ہوگئیں۔ نیشنل فیملی ہیلتھ سروے 4 نے پایا ہے کہ20 سے 24سال کی عمر  کے درمیان تقریبا 26.8فیصد خواتین جن کی شادی (عمر 18) سے پہلے ہی ہو چکی ہیں۔

شادی کی عمر صحت کے ساتھ کیسے ارتباط رکھتی ہے؟

امبیڈکر یونیورسٹی میں معاشیات کی پروفیسر دیپا سنہا کے مطابق ، کم عمری کی شادی کو روکنے سے زچگی کی شرح اموات اور بچوں کی اموات کے تناسب کو کم کیا جاسکتا ہے۔ اس وقت ، زچگی کی شرح اموات، ہر 100،000 بچوں کی زچگی  میں اموات کی تعداد 145 ہے۔ ہندوستان میں بچوں کی اموات کا تناسب ظاہر کرتا ہے کہ ایک سال میں پیدا ہونے والے ہر 1000 میں سے 30 بچے ایک سال کی عمر سے پہلے ہی مر جاتے ہیں۔ برکس اکنومیز میں ہندوستان میں یہ دونوں اشارے سب سے زیادہ ہیں۔
پبلک ہیلتھ فاؤنڈیشن آف انڈیا میں نیوٹریشن ریسرچ کی سربراہ اور ایڈیشنل پروفیسر شویتا کھانڈوال نے بتایا کہ کم عمر میں ماؤں کو خون کی کمی کا زیادہ خطرہ ہے۔
ہندوستان میں ماں بننے کی عمر (15-49 سال) کی نصف سے زیادہ خواتین انیمک یعنی خون کی کمی کی شکار ہوتی ہیں۔ پچھلے 20 سالوں میں خواتین میں خون کی کمی مسلسل بڑھتی جارہی ہے۔

کیا شادی کی ایک  مقرر لازمی عمر آبادی کی سطح پر تبدیلی لاسکتی ہے؟

نئی دہلی میں انٹرنیشنل فوڈ پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی سینئر ریسرچ فیلو پورنما مینن نے کہا کہ غربت ، تعلیم تک محدود رسائی اور معاشی امکانات اور سیکیورٹی خدشات کم عمری کی شادی کی مشہور اور اہم وجوہ ہیں۔ مینن نے خبردار کیا ، "اگر کم عمری کی شادی کی بنیادی وجوہات پر توجہ نہ دی گئی تو ، لڑکیوں کی شادی میں تاخیر کرنے کے لئے کوئی قانون کافی نہیں ہوگا'۔

 اعداد و شمار کیا کہتے ہیں؟

بغیر تعلیم والی خواتین کی شادی کی اوسط عمر 17.6 تھی ، جو 12 ویں کلاس سے زیادہ تعلیم یافتہ خواتین کے مقابلے میں کافی کم تھی۔ بچوں کے حقوق کے تحفظ کے قومی کمیشن کی ایک رپورٹ کے مطابق ، 15-18 سال کی عمر کی تقریبا 40 فیصد لڑکیاں اسکول نہیں جاتی ہیں۔ ان میں سے تقریبا 65فیصد لڑکیاں غیر معاوضہ والے کام میں مصروف ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ بہت سارے لوگوں کا خیال ہے کہ محض سرکاری طور پر شادی کی عمر کو بڑھانا غریب ، کم تعلیم یافتہ اور پسماندہ خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک کرسکتا ہے۔

بشکریہ انڈین ایکسپریس

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS