امریکہ میں کورونا کے علاج کیلئے پلازمہ تھریپی کی منظوری

    0

    واشنگٹن:امریکی محکمہ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن(ایف ڈی اے)نے کورونا وائرس کووڈ -19 سے شدید بیمارمریضوں کے علاج کے لئے ہنگامی حالات میں پلازمہ تھریپی کی منظوری دے دی ہے۔
    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس یہ اطلاع دی۔ ٹرمپ نے کہا’’میں  طویل عرصہ سے پلازمہ تھریپی کی منظوری دلانے  کے لئے کام کر رہا تھا۔ آج چینی وائرس کے خلاف ہماری لڑائی کے حوالے سے یہ تاریخی اعلان کرتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہورہی ہے۔ اس سے بہت ساری زندگیاں بچ جائیں گی۔ ‘‘
    امریکی صدر نے کہا کہ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ پلازمہ تھریپی سے کورونا مریضوں کی اموات کی شرح 35 فیصد تک کم ہوسکتی ہے۔ ٹرمپ نے کورونا وائرس  سے صحت یاب ہونے والے امریکی عوام سے بڑھ چڑھ کر پلازمہ عطیہ کرنے کی بھی اپیل کی۔ایف ڈی اے نے کہا کہ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ اگر کوروناوائرس سے متاثر مریض کو اسپتال میں داخل ہونے کے تین دن کے اندر پلازمہ تھراپی دی جاتی ہے تو اس سے مریض کی بہتری کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ ایف ڈی اے نے کہا کہ اس نے حالیہ مہینوں میں جمع اعداد وشمارکے جائزہ کی بنیاد پرہی پلازمہ تھریپی کی منظوری دی ہے۔ اب تک امریکہ میں 70 ہزار سے زائد  کورونا مریضوں پر پلازمہ تھریپی  کا  تجربہ  کیا جا چکا ہے۔
     قابل غورہے کہ اس وبا نے امریکہ میں سنگین شکل اختیارکرلی ہے اوراب تک کوروناوائرس نے 5 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد کو متاثرکیا ہے۔امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹرفارسائنس اینڈ انجینئرنگ سینٹر(سی ایس ایس ای)کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد وشمارکے مطابق امریکہ میں کوروناوائرس متاثرین کی تعداد 57 لاکھ سے تجاوز کرکے 57،00،487 ہوگئی ہے،جبکہ اس وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1،76،797 ہوگئی ہے۔

     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS