لکھنؤ: اترپردیش میں کورونا انفیکشن کی روک تھام کے پیش نظر ڈائرکٹر جنرل آف پولس ایچ سی اوستھی کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے عمل میں پولس نے آج تک پوری ریاست میں 30 لاکھ چودہ ہزار 856 گاڑی ڈرائیوروں کا چالان کرنے کے ساتھ ہی 56 کروڑ سترہ لاکھ روپے سے زیادہ جرمانے وصول کئے گئے۔
ریاست کے انسپکٹر جنرل پولس (قانون وانصرام) جیوتی نارائن نے اتوار شام یہاں یہ جانکاری دی۔ انہوں نے بتایا کہ ایڈوائزری کی خلاف ورزی کرنے والے مجموعی طور سے 30,14,856 لوگوں کا چالان کیا گیا۔ اس مدت میں مجموعی طور سے 65982 گاڑیوں کو ضبط کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایڈوائزری کو نظرانداز کرنے والوں سے مجموعی طور سے 56 کروڑ 55 لاکھ 93 ہزار 590 روپے جرمانے کے طور پر وصول کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنےوالے 166157 لوگوں کے خلاف ابھی تک دفعہ 188 کے تحت معاملہ درج کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ای۔سی ایکٹ کے تحت 776 معاملے درج کئے گئے ہیں۔