آسام میں سیلاب سے منگل کے روز نو مزید افراد کی موت ہوگئی اور ریاست کے 28 اضلاع کے 33 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہیں۔ آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (اے ایس ڈی ایم اے) کے مطابق ، ڈبروگڑھ ضلع میں تین افراد ، تینسوکیہ اور بارپیٹا میں دو ، جبکہ بسوآناتھ اور گولاگھاٹ اضلاع میں ایک ایک شخص کی موت ہوگئی۔ ریاست میں اب تک 85 افراد سیلاب میں ہلاک ہوچکے ہیں۔ریاست میں33 لاکھ سے زائد لوگ مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں بارپیٹا ہے جہاں 5.50 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہیں۔ محکمہ کے مطابق دھوبری ، موریگون اور جنوبی سلمارا اضلاع بالترتیب 4.11 لاکھ ، 4.08 لاکھ ، اور 2.25 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں ، یہ اضلاع بھی اس سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
پیر کے روز سیلاب سے 27 اضلاع میں تقریبا 22 لاکھ افراد متاثر ہوئے تھے۔
افسران نے کہا کہ پیر کے روز دھبری اور موری گاوں میں دو لوگوں کی ڈوبنے سے موت ہو گئی، لیکن ان اموات کا سیلاب سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ افسران نے بتایا کہ ریاست کے 12 اضلاع میں برہمپترا سمیت آٹھ ندیوں میں پانی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا ہے۔ اے ایس ڈی ایم اے کے افسران نے رپورٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان اضلاع کے 3371 گاؤں کے 33 لاکھ لوگ متاثر ہیں اور 28 اضلاع کی 128495 ہیکٹیر زراعتی زمین بھی اس کی زد میں ہے۔