نئی دہلی: خوراک اور صارفین امور کے وزیر رام ولاس پاسوان نے جمعرات کے روز اعتراف کیا کہ تارکین وطن مزدوروں کے درمیان مفت اناج کی تقسیم توقع سے کافی کم ہوئی ہے۔
پاسوان نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلنے کی وجہ سے شہروں سے نقل مکانی کرنے والے آٹھ کروڑ راشن کارڈ سے محروم تارکین وطن مزدوروں میں مفت خوراک تقسیم کرنے کا ہدف تھا اور اس کے لئے ریاستوں نے 6.39 لاکھ ٹن اناج اٹھایا تھا۔ ہر مزدور کو پانچ کلو اناج اور ایک کلو دال دی جانی تھی۔ مرکز نے اس اسکیم کے لئے آٹھ لاکھ ٹن اناج مختص کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ مئی کے مہینے کے دوران دو کروڑ 24 لاکھ مزدور اور جون میں صرف دو کروڑ 25 لاکھ مزدوروں کو اناج دیا گیا۔
ملک میں کورونا وائرس کا قہر کے پیش نظر، حکومت نے 25 مارچ کو پردھان منتری غریب کلیان اناج یوجنا کا اعلان کیا تھا۔ اس کے تحت ملک کے 80 کروڑ سے زائد مستفید ین کو فی شخص پانچ کلو اناج اور ایک خاندان کے لئے ایک کلو دال دی جانی تھی۔
انہوں نے کہا کہ کچھ ریاستوں نے خودکفیل ہندوستان پیکیج کے تحت 50 فیصد سے بھی کم اناج تقسیم کیے ہیں۔ ان ریاستوں میں آسام، مہاراشٹر، تریپورہ، اترپردیش، مدھیہ پردیش، اتراکھنڈ، گجرات، اوڈیشہ، جھارکھنڈ، چھتیس گڑھ، دہلی، میزورم، کرناٹک، جموں کشمیر، کیرالہ، تلنگانہ، آندھرا پردیش وغیرہ شامل ہیں۔ اس اسکیم کا اعلان 14 مئی کو کیا گیا تھا۔
مرکزی وزیر نے یہ بھی اعتراف کیا کہ وزیر اعظم غریب کلیان اناج یوجنا کے تحت بھی کچھ ریاستوں میں پورے اناج کی تقسیم نہیں ہوئی ہے۔