مفادات کا ٹکراؤ: کوہلی کے خلاف شکایت

0

نئی دہلی: کرکٹ سے تعلق رکھنے والے دو کاروباروں میں اہم کردار ادا کرنے پر ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کے خلاف مفادات کے ٹکراؤ کی شکایت درج کرائی گئی ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انڈین کرکٹ بورڈ کے ایتھکس آفیسر ڈی کے جیئن نے اتوار کو کہا تھا کہ انہیں وراٹ کوہلی کے خلاف شکایت ملی تھی، جس پر تحقیقات کی جائیں گی۔ مدھیہ پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن کے رکن سنجیو گپتا نے وراٹ کوہلی پر الزام عائد کیا ہے کہ دو کاروباروں میں ان کا کردار انڈین کرکٹ بورڈ کے قواعد کی خلاف ورزی ہے، جس کے تحت ایک شخص متعدد پوسٹس پر کام نہیں کر سکتا۔ انڈین میڈیا کے مطابق ڈی کے جیئن نے کہا ہے کہ وہ دیکھیں گے اس پر کوئی کیس بنتا ہے یا نہیں۔
گپتا نے کہا کہ وراٹ کوہلی سپورٹس (ایل ایل پی) اور کارنر سٹون وینچر پارٹنرز (ایل ایل پی) میں کوہلی کے شریک ڈائریکٹرز کارنر سٹون سپورٹس اینڈ اینٹرٹینمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ میں بھی ڈائریکٹرز تھے۔ یہ ایک ٹیلنٹ ایجنسی ہے جو خدمات حاصل کرنے والے انڈین کرکٹرز کے کمرشل مفادات کا خیال رکھتی اور ان کی برینڈنگ کرتی ہے۔
غور طلب ہے کہ اس سے قبل سنجیو گپتا سچن ٹنڈولکر، وی وی ایس لکشمن اور راہل ڈریوڈ کے خلاف بھی اسی نوعیت کی شکایات درج کروا چکے ہیں۔ تینوں کھلاڑیوں کو ان شکایات کی بنا پر نوٹس جاری کیے گے تھے تاہم بعد میں وہ اس معاملے سے کلیئر ہوگئے تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS