کورونا وائرس کا پہلا دیسی ٹیکہ،حیدرآباد میں انسانوں پر تجربہ کا آغاز

    0

    شہر حیدرآباد کے نظام انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس(نمس)میں کورونا کی روک تھام کے لئے تیار کئے گئے دیسی ٹیکہ کے انسانوں پر تجربہ کا آغاز ہوگیا۔روزبروز کورونا کے معاملات میں اضافہ پر عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔اسی کے پیش نظر بھارت بائیوٹیک کی جانب سے کورونا ٹیکہ کی تیاری کا کام کیاگیا ہے۔اس ٹیکہ کو ”کوویکسن“نام دیاگیا ہے۔اس ٹیکہ پر تمام کی نظر ہے۔اس کا انسانوں پر تجربہ کامیاب ہوتا ہے تو یہ ٹیکہ اس موذی مرض کی روک تھام کے لئے کافی سود مند ثابت ہوسکے گا۔نمس میں آج صحت مند افراد کا رجسٹریشن اس ٹیکہ کے تجربہ کے لئے شروع کیاگیا۔اس رجسٹریشن کے بعد ان افراد کے خون کے نمونے حاصل کئے گئے۔ان نمونوں کی مختلف انداز میں جانچ کی جائے گی اور اس کے نتائج کی بنیاد پر منتخب افراد کو اس دیسی ٹیکہ کا پہلا ڈوز دیاجائے گا۔نمس کے ڈائرکٹر منوہر نے کہا کہ اس ٹیکہ کے تجربہ کے حصہ کے طورپر ایک شخص کو تین ڈوز دیئے جائیں گے۔پہلا ڈوز دینے کے بعد ان افراد کی صحت پر دو دن اسپتال میں ہی نظر رکھی جائے گی۔بعد ازاں 14دنوں بعد دوسرا ڈوز دیاجائے گا۔ منوہر نے کہاکہ ایف 1اور ایف 2کے تحت یہ تجربے کئے جائیں گے۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ(آئی سی ایم آر)کی جانب سے انسانوں پر اس دیسی ساختہ دوا کے تجربہ کیلئے حیدرآباد کے مشہور نمس کا انتخاب کیاگیا ہے جبکہ پڑوسی ریاست اے پی کے کنگ جارج اسپتال کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔بھارت بائیوٹیک انٹرنیشنل کمپنی کے ساتھ آئی سی ایم آر نے اس ٹیکہ کے انسانوں پر تجربہ کے سلسلہ میں اشتراک کیا ہے۔ یہ پہلی دیسی ساختہ دوا ہوگی جس کو ہندوستان میں تیار کیاگیا ہے۔ دونوں تلگوریاستوں کے بشمول ملک کے 12سرکردہ اسپتالوں میں اس ٹیکہ کے انسانوں پر تجربے کئے جائیں گے۔

     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS