کانپور:اترپردیش کے کانپور علاقے میں پولیس کی ٹیم پر،جو ایک بدنام زمانہ مجرم کو پکڑنے گئی تھی، شرپسندوں نے حملہ کردیا،جس میں سی او سمیت آٹھ پولیس جوان شہید ہوگئے جبکہ سات زخمی ہیں۔اس واقعے کی سنجیدگی کے پیش نظروزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل آف پولیس جئے نارائن سنگھ نے آج صبح یہ اطلاع دی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کانپور کے چوبے پور کے علاقے میں جمعرات کو رات دیر گئے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس بلہور دیویندر مشرا کی سربراہی میں،بٹھور،چوبے پور،شیوراج پور پولیس اسٹیشنوں کی پولیس ٹیمیں مجرم وکاس دوبے کو پکڑنے گاؤں وکرو پہنچی تھیں۔ محاصرے کے بعد بدمعاش کی گرفتاری کے لئے ایک جال بچھایا گیا تھا۔ شرپسندوں نے چھت پر چڑھ کر پولیس پر فائرنگ شروع کردی۔
اس واقعے میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس بلہوردیویندرکمارمشرا کے علاوہ شیو راج پورکے تھانہ انچارج مہیش یادو،ماندھنا چوکی انچارج انوپ کمار،شیو کراج پورپولیس اسٹیشن میں تعینات سب انسپکٹر نیبولال ، چوبے پور تھانہ میں تعینات کانسٹیبل سلطان سنگھ ، بٹور تھانہ میں تعینات کانسٹیبل راہل ، جتیندر اور ببلو شہید ہوگئے۔ اس واقعے میں سات پولیس اہلکار کے بھی زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ سبھی کو اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران مجرموں کو پکڑنے کے لئے ایس ٹی ایف کو تعینات کیا گیا ہے۔ غیر مصدقہ ذرائع کے مطابق تین شرپسندوں کو ہلاک کرنے کی اطلاع ہے۔
اے ڈی جی سنگھ نے بتایا کہ وکرو کا رہنے والا وکاس دوبے کے خلاف درج مقدمے میں پولیس ٹیمیں رات دیر گئے اسے پکڑنے گئی تھیں۔ شرپسندوں نے پولیس کو روکنے کے لئےرکاوٹیں کھڑی کردی تھیں۔ بدمعاشوں نے مکان کی چھت پر چڑھ کر پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی لیکن شرپسند فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اس واقعے میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس سمیت آٹھ پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ اس واقعے میں زخمی ہونے والے سات پولیس اہلکاروں کو اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے جس میں چار کی حالت تشویشناک ہے۔
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ واقعہ ایک 'انتہائی شرمناک' واقعہ ہے جو مجرموں اور اقتدار میں رہنے والوں کے مابین گٹھ جوڑ کا انکشاف کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بدمعاش وکاس دبے اور اس کے ساتھیوں کو پکڑنے کے لئے کومبنگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی اس بات کا پتہ لگایا جا رہا ہے کہ شرپسندوں نے کن ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے۔ معاملے کی تفتیش جاری ہے۔ اس بدمعاش پر 60 کیس درج ہیں۔
اس درمیان لکھنؤ سے ایس ٹی ایف افسران کانپور بھیجے گئے ہیں ۔ وکاس دوبے گینگ کو پکڑنے کے لئے کانپور کی سرحد کو سیل کردیا گیا ہے۔ پولیس ٹیمیں سرگرمی سے تلاش کر رہی ہیں۔ غیر مصدقہ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پولیس نے مڈبھیڑ میں دو شرپسندوں کو مار دیا ہے لیکن باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
کانپور میں مجرموں اورپولیس میں تصادم، سی او سمیت 8 پولیس جوان ہلاک
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS